ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں قیدیوں کیلئے ضوابط سخت، ششی کلا کو حاصل خصوصی مراعات چھین لی گئیں 

پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں قیدیوں کیلئے ضوابط سخت، ششی کلا کو حاصل خصوصی مراعات چھین لی گئیں 

Sat, 22 Jul 2017 21:17:08    S.O. News Service

بنگلورو:22/جولائی (ایس او نیوز) شہر کے پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں بعض قیدیوں کو خصوصی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں الزام تراشیوں اور یہاں کے افسران کے تبادلوں کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے کی سربراہ ششی کلا نٹراجن کو دی گئی خصوصی مراعات چھین لی گئیں اور انہیں ایک عام قیدی کی طرف سیل میں رکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی جیل میں فروخت ہونے والی منشیات، بیڑی سگریٹ وغیرہ پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ ششی کلا نٹراجن کو جیل کے حکام نے قیدیوں کو دئے جانے والے لباس میں شامل سفید ساڑی پہننے کی ہدایت دی ہے۔ اس سے پہلے ششی کلا نٹراجن سے ملاقات کیلئے تملناڈو کے اراکین اسمبلی اور دیگر اے آئی اے ڈی ایم کے لیڈران آرام سے آیاجایا کرتے، لیکن اب ملاقاتیوں کی تعداد پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، ساتھ ہی ملاقات کا وقت بھی محدود کردیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر قیدیوں کی آپس میں میٹنگوں اور جیل میں بیٹھ کر ہی باہر کی سرگرمیوں کے متعلق منصوبے بنانے یا سازش رچانے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ محکمہئ قید خانہ کے نئے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس این ایس میگرک نے عہدہ سنبھالتے ہی یہ تمام احکامات صادر کردئے اور ریاست کی تمام جیلوں میں ان ضوابط کو سختی سے لاگو کرنے کا حکم دیاہے۔ جیل میں ششی کلا اور تیلگی کو عام قیدیوں کی طرح قیدیوں کے یونیفارم میں رکھے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جیل میں بیڑی سگریٹ اور گانجہ وغیرہ کی فراہمی پر پابندی کے نتیجہ میں کم ا ز کم چالیس فیصد قیدیوں کی اصلاح کی توقع کی جارہی ہے۔ محکمہئ قید خانہ کے سابق ڈی جی پی ستیہ نارائن راؤ اور ڈی آئی جی روپا کے درمیان اختلافات کے نتیجہ میں جیل کے حالات منظر عام پر آئے اور خصوصی سہولیات کی فراہمی کیلئے رشوت ستانی کا بھی انکشاف ہوا۔اس کے فوراً بعد ریاستی حکومت نے ان معاملات کی جانچ کیلئے وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسر ونئے کمار کو مقرر کیااور ساتھ ہی این ایس میگرک کو محکمہئ قید خانہ کا سربراہ بنادیا۔ این ایس میگرک نے اپنی طرف سے جاری احکامات میں طے کیاہے کہ کسی بھی قیدی کو رشتہ دار یا دوست سے ملنے کیلئے صرف دس منٹ کا وقفہ ہفتہ میں ایک یا دو بار ہی دیا جائے گا۔ کسی بھی حال میں ملاقاتیوں کے ساتھ قیدیوں کو کھانا کھانے یا دیگر سہولیات کا استعمال کرنے کی اجازت مقام اور مرتبہ کی پرواہ کئے بغیر نہیں دی جائے گی۔


Share: