نئی دہلی، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کی طرف سے چلائے جارہے جاسوسی گروہ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے میں جودھپور کے ایک پاسپورٹ اور ویزا ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے خفیہ معلومات ملنے کے بعد دہلی چڑیا گھر سے بدھ کو پاکستان ہائی کمیشن کے اہلکار محمود اختر کو دو ہندوستانیوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا جن کی شناخت رمضان اور سبھاش جانگڑ کے طور پر کی گئی ہے جبکہ ویزا ایجنٹ شعیب چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ایک سینئر پولیس افسر نے آج بتایا کہ شعیب کو کل شام جودھپور کے قریب حراست میں لیا گیا اور بعد میں یہاں لانے کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔اختر کو کل ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا جبکہ سبھاش اور رمضان کو ہندوستان ، پاکستان سرحد کے قریب سیکورٹی فورس کی تعیناتی کی معلومات، حساس اطلاعات و دفاعی دستاویزات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہیں 12روزکی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔یہ پایا گیا تھا کہ شعیب سبھاش اور رمضان ماڈیول میں بھرتی کرنے کے لیے ذمہ دار ہیں ۔افسر نے بتایا کہ شعیب تقریبا ڈیڑھ سال پہلے رمضان نامی شخص کے رابطے میں آیا تھا اور اس نے اسے گجرات اور راجستھان میں فوج اور نیم فوجی دستہ کے ٹھکانوں کے بارے میں اہم معلومات جمع کرنے کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے بہکایا تھا۔افسر نے کہاکہ ہم نے شعیب کو حراست میں لینے کے لیے جودھپور پولیس سے درخواست کی تھی اور اسے کل شام حراست میں لیا گیا۔شعیب سے پوچھ گچھ کے بعد گروہ کے دیگر جاسوسوں کے بارے میں معلومات کا انکشاف ہو سکتا ہے۔