جموں، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے آج بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور ہندوستانی چوکیوں اور جموں، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد سے ملحق شہری علاقوں پر فائرنگ کی اور مارٹر داغے۔محکمہ دفاع کے ایک ترجمان نے بتایاکہ بی ایس ایف اور فوج اس کا مناسب جواب دے رہی ہے۔ترجمان نے بتایاکہ راجوری کے سند ربنی، پلن والااورنوشیرا سیکٹر اور جموں اضلاع میں آج پاکستان کی جانب سے بغیر اکساوے کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے فائرنگ اور گولہ باری کے لیے چھوٹے ہتھیار، خود کار ، 82ملی میٹر اور 120ملی میٹر کے مارٹر کا استعمال کیا۔انہوں نے بتایاکہ ان کاروائیوں کا مناسب طریقے سے اور انہیں کی زبان میں جواب دیاجارہاہے۔ہمارے فوجیوں میں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔بین الاقوامی سرحد کے قریب پوری رات مسلسل فائرنگ اور گولہ باری ہوتی رہی۔انہوں نے بتایاکہ کل شام پانچ بج کر 20منٹ پر پاکستانی رینجرز نے بغیر کسی اکساوے کے جموں کے کاٹ گوس سیکٹر میں بھاری فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی اور بعد میں انہوں نے ہیرانگر اور سامبا کو بھی نشانہ بنایا۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ 24 -بی ایس ایف چوکیوں کے علاقے میں یہ فائرنگ آج صبح پانچ بجے تک جاری رہی ۔افسر نے یہ بھی بتایا کہ بی ایس ایف نے اس کا بھر پور طریقے سے جواب دیا جس کے بعد فائرنگ رک گئی۔