بنگلورو:28/اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کانگریس کے برگشتہ لیڈر ایچ وشواناتھ کی جنتادل (ایس) میں شمولیت کے متعلق کل ہی دئے گئے بیان سے انحراف کرتے ہوئے کہاکہ وشواناتھ کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کیلئے آزاد ہیں، ان پر جنتادل (ایس) کی طرف سے کسی طرح کا دباؤ ڈالانہیں جائے گا۔ہبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان خبروں پر وہ تبصرہ کرنا نہیں چاہتے کہ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا اپنے اثر ورسوخ کا استعمال کرکے وشواناتھ کو بی جے پی میں شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو اپنے آپ کو مجسم ڈسپلن قرار دیتی ہے آج بدترین داخلی انتشار کا شکار ہے۔ یڈیورپا اور ایشورپا کے درمیان لڑائی فٹ پاتھوں پر آگئی ہے۔ اقتدار بھی اگر مل گیا تو اس پارٹی کے لوگ عوام کی خدمت کی بجائے اسی طرح لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کی طرف سے ابھی سے یہ اعلان کہ وہ 150 سے زائد سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلیں گے اس بات کا مظہر ہے کہ وہ جمہوریت کے دشمن ہیں۔یڈیورپا کو یہ فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ ان کے دور میں ریاست میں سب سے زیادہ کرپشن ہوا ہے۔ پانچ سال کے دور اقتدار میں یڈیورپا کی کامیابی صفر رہی ہے۔ ملک کو کانگریس سے آزاد کرانے کا بارہا اعلان کرکے جس طرح مرکزی بی جے پی قائدین جمہوریت کاگلا گھونٹ رہے ہیں کرناٹک میں ان کی یہ چال کامیاب ہونے والی نہیں ہے۔