نئی دہلی22اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کل سے شروع ہو رہے تین روزہ بحرین دورہ کے دوران وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی پرگفتگو کریں گے۔دورہ کے دوران دونوں طرف انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے پر بھی بات کریں گے۔سنگھ بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ،وزیر اعظم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ اور وزیر داخلہ راشدبن عبداللہ امام خلیفہ سے ملاقات کریں گے اور ان سے مختلف دو طرفہ مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔سرکاری ذرائع نے کہا کہ جموں کشمیر میں پاکستان کی جانب سے مسلسل دہشت گردی کو حمایت دینے کے مسئلے کووزیرداخلہ بحرین کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اٹھا سکتے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ سنگھ اور بحرین کے ان کے ہم منصب راشد بن عبداللہ امام خلیفہ کی ملاقات کے دوران دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی بحث ہوگی۔بحرین آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس کا ایک اہم رکن ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔اپنے سفرمیں سنگھ بحرین میں بھارتی کمیونٹی کے لوگوں کو بھی خطاب کریں گے۔