ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / وزیر کوآپریشن ایچ ایس مہادیو پرساد اچانک چل بسے

وزیر کوآپریشن ایچ ایس مہادیو پرساد اچانک چل بسے

Tue, 03 Jan 2017 21:44:14    S.O. News Service

چکمگلور:3/جنوری(ایس او نیوز) وزیر کوآپریشن اور شوگر ایچ ایس مہادیو پرساد کا آج یہاں دل کادورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 58 سال کے تھے۔مسٹر پرساد کے اہل خانہ میں ان کی اہلیہ اور ایک بیٹا ہے۔وزیر اعلیٰ سدرامیا نے وزیر کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا سب سے بہترین اور قابل اعتماد ساتھی کھو دیا۔ یہ ان کا ذاتی نقصان ہے۔ ان کے انتقال سے کانگریس کو شدید نقصان ہوا ہے۔ ریاست میں آج سرکاری چھٹی دی گئی، اور تین دن کیلئے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر پرساد کوپپا شہر میں آج ہونے والے ایک پروگرام میں شامل ہونے کیلئے پہنچے ہوئے تھے۔ وہ رات میں ایک ریزارٹ میں ٹھہرے ہوئے تھے جہاں دل کی دھڑکن رک جانے سے ان کی موت ہو گئی۔ذرائع کے مطابق صبح ان کے ماتحت حکام نے انہیں جگایا تو کمرے سے کوئی آواز نہیں آئی۔ شک ہونے پر ڈوپلی کیٹ چابی سے کمرے کو کھولنے پر انہیں بستر پر بے ہوش پایا گیا۔ وزیر کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔مسٹر پرساد چامراج نگر ضلع کے گنڈلوپیٹ اسمبلی سیٹ سے پانچویں بار کامیاب ہوئے تھے۔ مسٹر سدرامیانے انہیں اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا۔ وہ تین بار وزیر رہ چکے ہیں۔مسٹر مہادیو پرساد کا شمار وزیر اعلیٰ سدرامیا کے انتہائی قریبی وزراء میں کیا جاتا رہا۔مہادیو پرساد نے سدرامیا کے ہمراہ ہی جنتادل (ایس) کو خیر باد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی،اور کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے وہ وزیر کوآپریشن وشکر کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی اچانک موت وزیر اعلیٰ سدرامیا کیلئے ایک ذاتی نقصان سے کم نہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے مہادیو پرساد کی ناگہانی موت پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار اخباری کانفرنس میں زار وقطار روکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ مہادیو پرساد کی شکل میں انہوں نے اپنا ایک قریبی ساتھی کھودیا ہے۔ انتہائی سادہ لوح اور اپنی ذمہ د اریوں کے تئیں پابند سیاستدان مہادیو پرساد 2004 سے اب تک کسی چناؤ میں نہیں ہارے تھے۔ مہادیو پرساد کی موت کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریاستی کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیاگیا،جس میں ان کی تعزیت ادا کی گئی۔ بتایاجاتاہے کہ میٹنگ میں تمام وزراء نے مہادیو پرساد کی ناگہانی موت پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان سے اپنی وابستگی کی یادیں تازہ کیں۔ کابینہ اجلاس کے فوراً بعد وزیراعلیٰ سدرامیا نے اپنے تمام سرکاری پروگراموں کو رد کرکے میسور کا رخ کیا، جہاں متوفی وزیر کا جسد خاکی چکمگلور سے لایا گیا۔ کل صبح ان کے آبائی گاؤں ہالہلی میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ریاستی کابینہ کے تمام وزراء بھی میسور کیلئے نکل پڑے۔ ریاست کے سیاسی حلقوں میں مہادیو پرساد کی اچانک موت سے غم کی لہر چل پڑی۔سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے مہادیو پرساد کی اچانک موت پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا،جبکہ ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے مہادیو پرساد کی موت پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت وزیر انہوں نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور کبھی کسی سے اونچے لہجہ میں بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی کسی اور معاملے میں مداخلت کی کوشش کی۔ ایک بے داغ سیاستدان مہادیو پرساد کی موت ریاست کے سیاسی حلقوں میں ایک خلاء پیدا کرگئی ہے۔ اسی طرح وزیر داخلہ ڈاکٹرجی پرمیشور نے بھی مہادیو پرساد کی موت پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔


Share: