نئی دہلی، 31/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے منگل کو پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے پہلے دن اقتصادی سروے پیش کیا۔واضح رہے کہ اقتصادی سروے حکومت کی مالی حالت کا جائزہ ہوتا ہے، جسے بجٹ کے پہلے ایوان کے سامنے رکھا جاتا ہے۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پہلے لوک سبھا اور پھر راجیہ سبھا میں اقتصادی سروے پیش کیا۔جس میں حکومت نے مالی سال 2017-18کے لیے جی ڈی پی کو 6.75فیصد سے 7.5فیصد رکھنے کا اندازہ لگایا ہے۔ساتھ ہی سود کی شرح میں کمی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔منگل کو پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آغاز صدر کے خطاب سے ہوا۔صبح 11بجے صدر پرنب مکھرجی ایوان میں آئے، صدر کے ساتھ نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار اور لوک سبھا کے جنرل سکریٹری بھی تھے۔اس کے بعد صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، جس میں صدر نے حکومت کی حصولیابیاں شمار کرائیں۔