نئی دہلی، 9؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ باڈرا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کل راجیہ سبھا میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر کئے گئے تبصرہ کو انتہائی اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے بہت ہی شرمناک ہے کہ ڈاکٹر سنگھ جیسے سینئر اور سلجھے ہوئے لیڈر کے لیے ایسی بات کہی گئی ہے۔رابرٹ باڈرا نے جمعرات کو فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’برساتی پہن کر نہانے کا فن ڈاکٹر سنگھ سے سیکھنا چاہیے‘وزیر اعظم کا یہ تبصرہ انتہائی اشتعال انگیز ہے، وہ شرافت اور پختگی کی علامت ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم کے تبصرہ پر جواب تک دینے سے انکار کر دیا۔واڈرا نے ایک روز قبل وزیر اعظم کی طرف سے حال ہی میں آئے زلزلے سے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے بیان کو جوڑنے پر کہا کہ یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ وزیر اعظم کے ایسے بیانات سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔