بنگلورو۔یکم اگست(عبد الحلیم منصور/ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا کے فرزند راکیش سدرامیا کی موت اور آج ان کی آخری رسومات میں شرکت کے سبب ریاست کے بیشتر سیاست دان ، وزراء اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران نے آج میسور کا رخ کیا جس کی وجہ سے مرکز اقتدار ودھان سودھا اور وکاس سودھا ویران رہے۔ ان دونوں عمارتوں میں جو گنا چنا عملہ ڈیوٹی پر حاضر رہا، وہ بھی ٹیلی ویژنوں پر راکیش سدرامیا کی آخری رسومات کی راست ٹیلی کاسٹ کا نظارہ کرتا ہوا دیکھا گیا۔ خاص طور پر وزیراعلیٰ سدرامیا کے سکریٹریٹ میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی، وزراء اور اعلیٰ افسران کی غیر موجودگی کے سبب اکثر عوام نے بھی ان سرکاری عمارتوں کا رخ نہیں کیا ،جس کی وجہ سے آج ان دونوں عمارتوں میں ایسا لگ رہا تھا کہ گویا سرکاری چھٹی ہے۔ وزراء کے نجی دفاتر اور ان کے پرائیویٹ سکریٹریوں کے دفاتر میں بھی بہت کم تعداد میں عملہ موجود تھا۔ ایسا لگ رہاتھا کہ پورے سرکاری نظام پر راکیش سدرامیا کی موت کے سبب ویرانی چھائی ہوئی ہے۔