ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / نوٹ بندی سے نمٹنے میں مرکزی حکومت ناکام,وزیر اعظم کا قوم سے خطاب محض سیاسی شعبدہ بازی: یوٹی قادر

نوٹ بندی سے نمٹنے میں مرکزی حکومت ناکام,وزیر اعظم کا قوم سے خطاب محض سیاسی شعبدہ بازی: یوٹی قادر

Tue, 03 Jan 2017 22:14:37    S.O. News Service

بنگلور:3/جنوری(ایس او نیوز)ریاستی وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے 31 دسمبر کو وزیر اعظم نریند ر مودی کے قوم سے خطاب کو مضحکہ خیز اور انتخابی شعبدہ بازی کا حصہ قرار دیا ہے۔ آج میسور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ8 نومبر کو لاگو نوٹ بندی کے بعد سے ملک کے عوام جن پریشانیوں سے دو چار ہیں ان کو دور کرنے کی بجائے وزیراعظم نے قوم کے نام خطاب کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابی تشہیر کرنے کی کوشش کی۔ 8 نومبر کے بعد مودی نے بارہا اعلان کیا تھا کہ پچاس دنوں کے اندر صورتحال سدھر جائے گی،لیکن قوم کے نام اپنے خطاب میں انہوں نے پچاس دنوں سے ملک کے عوام کو درپیش مسائل کو سدھارنا تو دور کی بات اس کا تذکرہ کرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی۔ نوٹ بندی سے پہلے انہیں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو طلب کرکے مشاورت کرنی چاہئے تھی، اور یہ بتانا چاہئے تھاکہ کالے دھن کو قابو میں کرنے کیلئے یہ قدم ناگزیر ہے۔ایسا کرنے کی بجائے وزیر اعظم مودی نے ملک کے کارپوریٹ طبقوں کو طلب کیا اور ان سے مشاورت کی بنیاد پر انہیں فائدہ پہنچانے کیلئے قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ پچاس دن کے دوران ملک کا عام آدمی اپنے پیسوں کیلئے ترس رہاتھا،جبکہ کارپوریٹ طبقہ نوٹ بندی کا بھرپور فائدہ اٹھارہا ہے۔ملک کی ہر بینک کے باہر عوام کی طویل ترین قطاریں ان کی بے بسی کی داستانیں بیان کررہی تھیں، جبکہ مرکزی حکومت کے فیصلے یکے بعد دیگرے عوام کی مشکلات اور سرمایہ دار طبقے کیلئے آسانیوں کا ذریعہ بن رہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ اس کے خلاف ملکی سطح پر کانگریس ایک بہت بڑی تحریک چلانے والی ہے۔ قادر نے کہاکہ ملک کے اہم امور پر فیصلہ لینے سے قبل وزیراعظم کو چاہئے تھاکہ کم از کم تمام وزرائے اعلیٰ کی ایک میٹنگ طلب کرتے اور اس میں اپنی تجویز پیش کرتے لیکن یہ بھی نہیں ہوا۔ مودی نے نوٹ بندی لاگو کرتے وقت اعلان کیاتھاکہ اس اقدام سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی، لیکن بد قسمتی سے اس کے بعد بھی دہشت گردی کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔ مودی نے اپنے غلط فیصلوں کے سبب ملک کے عوام سے دشمنی مول لی ہے۔


Share: