مینگلورو 27 جون (ایس او نیوز) مینگلورو سمیت ساحلی کرناٹکا میں ایک ہفتہ سےموسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اتوار شام سے پیر صبح تک بارش میں مزید اضافہ ہوا ہے اور پورا اسمان ابرآلود دیکھا گیا ہے۔ زوردار بارش کو دیکھتے ہوئے اور موسم کی خرابی کو دیکھتے ہوئے اتوار شام کو مینگلور ائرپورٹ پر اُترنے والی تین فلائیٹوں کو رد کرتے ہوئے بنگلور روانہ کیا گیا ہے۔
ممبئی سے مینگلور کی جٹ ائرویز , دوحہ قطر سے مینگلور کے لئے اُترنے والی ائیر انڈیا اور بنگلور سے مینگلور کے لئے آئی ہوئی جٹ ائیرویز تینوں فلائیٹوں کو اتوار شام بنگلور بھیجا گیا اور تینوں کوکیمپے گوڈا انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اُتارا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنگلورو سے مینگلورو کی فلائٹ دوپہر3:27 کو بنگلور سے روانہ ہوئی تھی ، مینگلور ائرپورٹ کے قریب پہنچ کر لینڈ کرنے ہی والی تھی کہ فلائٹ کو واپس بنگلور کی طرف موڑ دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خراب موسم کے چلتے ہوئے صلاح دی گئی کہ ایسی حالت میں فلائٹ کو مینگلور ائرپورٹ پر اُتارنا خطرہ سے خالی نہیں ہوگا۔
ذرائع کی دی گئی اطلاع کے مطابق اس فلائٹ پرفوڈ اینڈ سیویل سپلائی منسٹر یوٹی قادر اور کنڑا ایکٹر اُپیندرا بھی سوار تھے۔ وزیر یوٹی قادر کو مینگلور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا، مگر فلائٹ واپس چلی جانے سے یہ کانفرنس کینسل کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ بعد میں 6:25 کی فلائٹ پر دوبارہ مینگلور پہنچے ۔ بتایا گیا ہے کہ شام کے بعد جٹ ائروئیز کی ممبئی ۔مینگلور فلائٹ اور دوحہ سے آئی ہوئی ائیرانڈیا فلائٹ بھی مینگلور ائرپورٹ پر بحفاظت اُتاری گئی۔
پیر کو بھی بھٹکل میں موسلادھار بارش: ساحلی کرناٹکا کے شہر بھٹکل میں آج پیر کی صبح سے ہی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اورپورا اسمان ابرآلود ہونے سے صبح میں بھی شام کا سماں نظرآرہا ہے۔صبح سے جاری مسلسل بارش سے بالخصوص اسکول جانے والے بچوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بتایا گیا ہے کہ اکثر بچوں کو اسکول سے غیر حاضر ہونا پڑا ہے۔ بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے سواریوں کی آمدورفت میں خلل دیکھا گیا ہے۔