منگلورو 4فروری (ایس او نیوز) بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے مجوزہ موٹر وھیکل (ترمیمی )بل اور پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف جنوبی کینرا ضلع کانگریس کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیاگیا۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلع انچارج منسٹر مسٹر رما ناتھ رائے نے کہا کہ سنگین بحرانی دور میں بھی یو پی اے حکومت نے ایندھن کی قیمتوں کو قابو رکھنے کے اقدامات کیے تھے۔مگر بی جے پی کی حکومت نے بین الاقوامی طور پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رکھا ہے۔موٹر وھیکل پر جرمانے کی مقدار دن بدن بڑھ رہی ہے۔ عوام کو چاہیے کہ ان مسائل پر توجہ دیں۔
مسٹر رماناتھ رائے نے بی جے پی پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ" یہ حکومت کالا دھن واپس لانے کی اہلیت نہیں رکھتی ہے۔ بلکہ صرف جھوٹ بولنے کے لئے مشہور ہے۔اور ہٹلر جیسی ڈکٹیٹر شپ کی طرف بڑھ رہی ہے۔"
ضلع کانگریس کمیٹی کے عبوری صدر ابراہیم کوڈیجال نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت نے جھوٹے وعدے کرکے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ الیکشن سے پہلے مودی نے کہا تھاکہ کالادھن واپس لایا جائے گا۔ لیکن کابینہ اور اپوزیشن کو اعتماد میں نہ لیتے ہوئے اور منصوبہ بندی کے بغیر بڑی مالیت کے نوٹ منسوخ کیے گئے۔وزیر اعظم مودی کے جمہوریت منافی اقدامات کی کانگریس مذمت کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس ملک کے شہریوں کی فکر ہے۔حکومت نے موٹر وھیکل ترمیمی بل کے ذریعے ڈرائیوروں پر جرمانے کی رقم حد سے زیادہ کردی ہے۔ غریب گھرانوں سے آنے والے ڈرائیوروں کے لئے اس طرح کا جرمانہ ادا کرنا ممکن نہیں ہے۔اب یہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ نریندر مودی کوبتائے کہ وہ اپنے وعدے نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔
ضلع پنچایت صدرمامتا گٹّی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت عوام کو سکھ چین سے جینے نہیں دے رہی ہے۔ کانگریس نے اس ملک کو ترقی دینے کے لئے برسوں کام کیا ہے ۔ اور بی جے پی سارا کریڈٹ خود لینا چاہتی ہے۔