لکھنؤ، 18جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کانگریس رابطہ کمیٹی کے چیئرمین اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ پرمود تیواری نے وزیر اعظم پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نریندر مودی کی آمریت کو برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کس قانون کے تحت عوام کا پیسہ روکاگیاہے۔ مودی جی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔نوٹ بندی پر وزیر اعظم نے 50دن مانگے تھے اور اب 70دن گزرچکے ہیں انہیں وہ چوراہا بتانا چاہئے جس پر انہیں عوام سزا دے سکے،وہ بدھ کو آر بی آئی دفتر کا گھیراؤ کرنے جا رہے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ تیواری نے کہا کہ کانگریس پارٹی مودی کی آمریت کو کبھی بھی برداشت نہیں کرے گی۔اس موقع پر انتخابی مہم کمیٹی کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے سنگھ نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ70سالوں کے آزاد ہندوستان میں آر بی آئی نے ایک لائن طے کی ہے جس کے تحت روپے کا لین دین ہوتاآرہاہے لیکن مودی حکومت کی الگ ہی لائن ہے۔مودی نے آر بی آئی جیسے خود مختار ادارے کو ختم کرنے کا کام کیاہے۔آج ملک کی عوام نوٹ بندی سے دوچار ہے،بغیر کسی تیاری کے کی گئی نوٹ بندی سے ہندوستان میں معیشت تہس نہس ہو گئی ہے، لائنوں میں لگے سینکڑوں لوگوں کی بے وقت موت ہو گئی ہے، جس کی پوری ذمہ داری مودی حکومت کی ہے،اس کا بدلہ عوام ان سے ضرور لے گی۔