ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران بحرین کی باپکو ریفائنری پر حملہ

تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران بحرین کی باپکو ریفائنری پر حملہ

Tue, 10 Mar 2026 11:28:46    S O News

منامہ  ، 10/  مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)ایران اور اسرائیل-امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی دوران بحرین کی سب سے بڑی آئل ریفائنری ’باپکو‘ پر حملے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے بعد کمپنی نے فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ریفائنری کے اطراف سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اسی ریفائنری کو چار روز قبل بھی نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اس وقت کسی بڑے نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ بحرین عرب میں امریکہ کا ایک اہم اتحادی ہے۔ ایسے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی ریفائنری پر ایران نے ہی حملہ کیا ہوگا۔ حالانکہ نہ تو بحرین اور نہ ہی ایران نے آفیشل طور پر اس کے متعلق کوئی بیان دیا ہے۔ ’بلومبرگ‘ کے مطابق 90 سال پرانی یہ آئل ریفائنری ملک کی واحد ریفائنری ہے۔ اس کی پروسیسنگ گنجائش روزانہ 4 لاکھ بیرل ہے۔ آئل ریفائننگ کے لیے اسے خلیج کا ایک اہم مرکز مانا جاتا ہے، جہاں مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کا تیل ریفائن کیا جاتا ہے۔ ان میں کویت اور سعودی عرب سرفہرست ہیں۔

ایسے میں اگر ایرانی حملے کی وجہ سے تیل کی ریفائنری بند ہوتی ہے تو اس کا براہ راست اثر تیل کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ ایران نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آنے والے وقت میں ایک بیرل خام تیل کی قیمت 200 ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس کی قیمت 110 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ایران اور اسرائیل-امریکہ جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ اس کو کم کرنے کے لیے پیر (9 مارچ) کو جی-7 ممالک کے وزرائے خارجہ ایک میٹنگ کریں گے۔ ’فنانشل ٹائمز‘ کے مطابق جی-7 یہ دیکھے گا کہ کس طرح ’ریزرو آئل‘ کے ذریعہ اس کی قیمتوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ہی اس میں کمی آ سکتی ہے۔ امریکہ اس کی کوشش میں مصروف ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کا آج 10واں دن ہے۔ اس سے قبل اتوار کو اسرائیل اور ایران دونوں جانب سے حملے کیے گئے۔ ایرانی شہر اصفہان کے ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا، جس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں ایران کا ایف-16 طیارہ تباہ ہو گیا ہے۔ راجدھانی تہران میں بھی آج ایک بڑا حملہ ہوا ہے، جس میں 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اب تک امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں 1332 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اس دوران بڑی خبر یہ ہے کہ امریکہ ایران کے جوہری ذخائر پر قبضے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے۔


Share: