نئی دہلی ، 10/ مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)مغربی بنگال میں ایس آئی آر کو لے کر پیدا ہوئے تنازع کے بعد ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے خلاف سخت موقف اختیار کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ٹی ایم سی پارلیمنٹ میں ان کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں پارلیمانی اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مواخذے کا نوٹس پیش کیا جا سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی ایم سی پہلے ہی بجٹ سیشن کے ابتدائی مرحلے میں یہ قدم اٹھانا چاہتی تھی، مگر اس وقت کانگریس کی جانب سے پہلے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی بات کی جا رہی تھی، جس پر اختلاف کے باعث ٹی ایم سی کے ارکان پارلیمنٹ نے اس تحریک کی حمایت میں دستخط نہیں کیے تھے۔
دوسری جانب اب بجٹ کے دوسرے سیشن میں ٹی ایم سی نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں ٹی ایم سی کا کہنا ہے کہ اب اپوزیشن بھی زبانی طور پر گیانیش کمار کو ہٹانے کے لیے مواخذہ کی تحریک لانے پر متفق ہے، اسے پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں لایا جائے گا۔ اس کے لیے ڈرافٹ تیار کرنے کا کام شروع ہو چکا ہے اور اس کے بعد ضروری تعداد سے زیادہ اراکین پارلیمنٹ کے دستخط کرائے جائیں گے۔ حالانکہ اسٹریٹجک طور پر ابھی یہ طے نہیں کیا گیا ہے کہ اسے لوک سبھا میں لایا جائے گا یا راجیہ سبھا میں۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے اعلان کے بعد سے ہی ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ٹی ایم سی الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر حملہ آور ہیں۔ ٹی ایم سی نے بار بار گیانیش کمار پر بی جے پی کے اشاروں پر چلنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹی ایم سی اور ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی الیکشن کمیشن کا غلط استعمال کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن اس کے اشاروں پر ہی کام کر رہا ہے۔‘‘
ایس آئی آر کی حتمی ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الیکشن کمیشین کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ حتمی ووٹر لسٹ سے من مانے طریقے سے نام نکالے جا رہے ہیں۔ بی جے پی منظم طریقے سے ہر جمہوری ادارے اور آئینی عہدے کا غلط استعمال کر رہی ہے، تاکہ وہ اپنے عوام دشمن عزائم کو پورا کر سکے۔
قابل ذکر ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اتوار (8 مارچ) کو 3 روزہ دورے پر کولکاتہ پہنچے تھے۔ ہوائی اڈے پر کچھ لوگوں نے انہیں کالے جھنڈے دکھائے اور ان کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔ 3 روزہ دورے کے دوران گیانیش کمار آئندہ اسمبلی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کولکاتہ میں کمیشن کے افسران کی ایک میٹنگ میں حصہ لیں گے۔