منگلورو 10؍مارچ (ایس او نیوز) پچھلے کچھ دنوں سے منگلوروڈسٹرکٹ جیل میں گانجہ ، موبائل فون اور دیگر غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کے علاوہ قیدیوں کے درمیان جان لیوا حملوں کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں۔ اوراس طرح کی سرگرمیوں پرقابو پانے کے لئے وہاں سیکیوریٹی کے انتظامات بھی سخت کردئے گئے ہیں۔اس کے باوجود معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کی شب میں 3.30بجے کے قریب اس جیل سے ایک زیرسماعت قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مفرور قیدی کا نام بیلتھنگڈی کے قریب ایک گاؤں کے مکین جینپّا پاروا (۳۷سال) ہے ۔ جس پر چوری اور لوٹ مار وغیرہ جیسے مختلف قسم کے معاملات درج ہیں۔ اس کے علاوہ اس پر ایک سنگین معاملہ 21 سالہ لڑکیکے ساتھ عصمت دری کا کیس بھی درج ہے۔ پاروا کواسی کیس کے سلسلے میں زیرسماعت قیدی کے طور پر سن 2015میں منگلورو جیل لایا گیا تھا۔پتہ چلا ہے کہ پاروا نے ضمانت کے لئے کئی مرتبہ عدالت میں درخواستیں دی تھیں جو مسترد ہوتی رہی تھیں۔پھر موقع دیکھ کر جیل سیکیوریٹی کی آنکھوں میں دھو ل جھونکنے میں وہ کامیاب ہوگیا۔جیل سے پاروا کے فرار ہونے کا معاملہ برکے پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔