مالدہ، 21؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں گنگا ندی خطرے کے نشان سے کافی اوپر بہہ رہی ہے جس سے کئی گاؤں ڈوب گئے ہیں اور تقریبا 20ہزار سے زیادہ کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔مالدہ کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ کنچن چودھری نے بتایا کہ اتر پردیش میں سون باندھ سے 10 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ندی کی آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔اے ڈی ایم نے کہا کہ بری طرح متاثر علاقوں میں کالی چک ڈویژن نمبر 3، پردیواناپور ، شوبھاپور گرام پنچایت اور بیرنگر گرام پنچایت شامل ہیں۔چودھری نے بتایا کہ دونوں گرام پنچایتوں زمین کے کٹاؤ کی وجہ سے پہلے ہی متاثر ہو چکی ہیں ۔پارانوپ نگر گاؤں کا آدھا علاقہ پہلے ہی کٹ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ضلع کی سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔اے ڈی ایم نے کہا کہ مانک چک ڈویژن میں 10 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔گرام پنچایت، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم کھولے گئے ہیں۔