ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مشنریوں میں ہندوؤں کا مذہب تبدیل کرنے کی طاقت نہیں: وراٹ ہندو کانفرنس میں بھاگوت کا خطاب

مشنریوں میں ہندوؤں کا مذہب تبدیل کرنے کی طاقت نہیں: وراٹ ہندو کانفرنس میں بھاگوت کا خطاب

Sat, 31 Dec 2016 23:04:11    S.O. News Service

نوساری، 31دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ضلع کے ونسدا میں بھارت سیواشرم سنگھا کی جانب سے منعقد وراٹ ہندو کانفرنس کے اختتامی خطاب میں آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے ایک طرف کہا کہ ملک کے ہندئوں کا مذہب تبدیل کرنے کی مشنریوں میں طاقت نہیں ہے، وہیں اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ہندو کمیونٹی مشکل میں ہے۔

تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر  بھاگوت نے کہا کہ ملک میں ہندئوں کا مذہب تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب ہونے کا امکان نہیں ہے کیونکہ مشنریوں میں وہ طاقت نہیں ہے کہ ہندئوں کا مذہب تبدیل کرسکے۔ کانفرنس میں بھاگوت نے ہندو اتحاد پر زور دیتے ہوئے ذات اور زبان سے اوپراُٹھ کر کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ آنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپ میں لوگوں کو عیسائی مذہب میں لانے کے بعد وہ (مشنری)ایشیا پر نظر گڑائے ہوئے ہیں،چین خود کو سیکولر کہتا ہے، لیکن کیا وہ خود کو عیسائی مذہب کے تحت آنے دے گا؟ نہیں، کیا مغرب ایشیائی ملک ایسا ہونے دیں گے؟ نہیں،وہ اب سوچتے ہیں کہ ہندوستان ہی ایسی جگہ ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ لیکن اب انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ 300سال سے زیادہ عرصے سے زوردار کوششیں کرنے کے بعد بھی صرف6 فیصد ہندوستانی آبادی  ہی عیسائی بن سکی ہے،کیونکہ ان میں طاقت نہیں ہے۔

۔بھاگوت نے اپنی بات کو صحیح ٹھہرانے کے لئے کہا کہ امریکہ کا ایک گرجاگھر اور برطانیہ کا ایک گرجاگھر بالترتیب گنیش مندر اور وشو ہندو پریشد کے دفتر میں تبدیل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ایک ہندو تاجر نے یہ کام کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے ممالک میں (مشنریوں کی)یہ حالت ہے اور وہ ہمیں تبدیل کرنا چاہتے ہیں،وہ ایسا نہیں کر سکتے، ان میں اتنی طاقت نہیں ہے۔بھاگوت نے ہندوؤں سے یہ یاد رکھنے کو کہا کہ وہ کون ہیں اور ان کی ثقافت اونچی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو کمیونٹی مشکل میں ہے،ہم کس ملک میں رہ رہے ہیں؟ اپنے ہی ملک میں؟ یہ ہماری زمین ہے، (شمال میں)ہمالیہ سے لے کر (جنوب میں)سمندر تک،یہ ہمارے باپ دادا کی زمین ہے،بھارت ماتا ہم سب کی ماں ہے۔آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ ہم خود کو بھول چکے ہیں،ہم سب ہندو ہیں،ہماری قومیں جو زبانیں ہم بولتے ہیں، ہم جس علاقے سے ہیں، ہم جسے پوجتے ہیں، وہ الگ الگ رہنے دیں،جو بھارت ماتا کے بیٹے ہیں، وہ ہندو ہیں،اس لئے بھارت کو ہندوستان کہا جاتا ہے۔
 


Share: