ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مسلمان خواتین کی تعلیم پر توجہ دیں:مولانااسرارالحق قاسمی

مسلمان خواتین کی تعلیم پر توجہ دیں:مولانااسرارالحق قاسمی

Thu, 27 Oct 2016 19:41:09  SO Admin   S.O. News Service

بڑودہ،27اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)خواتین کی تعلیم پورے خاندان اور معاشرے کی تعلیم وترقی کی ضامن ہے اوراس کے بغیر کسی بھی قوم اور معاشرے کوکامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔ان خیالات کااظہارمعروف عالم دین وممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے گجرات کے تعلیمی و اصلاحی دورے کے دوران جامعہ عائشہ صدیقہؓ جوگواڑضلع نوساری میں منعقدہ پروگرام میں خطاب میں کیا۔مولانانے اپنے خطاب میں کہاکہ موجودہ دورمیں مسلمانوں کوخاص طورسے تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے،کیوں کہ مسلم معاشرے میں تعلیم کی کمی اورجہالت کی وجہ سے ہی بے شمار خرابیاں پیداہورہی ہیں،آج مسلم معاشرے میں پائی جانے والی بیشتر برائیوں کو اس لیے بڑھاوامل رہاہے کہ ہمارے یہاں تعلیم کی افسوس ناک حد تک کمی ہے۔انھوں نے کہاکہ اسلام کی توبنیادہی تعلیم پر رکھی گئی ہے اورنبی اکرمﷺکواللہ تعالیٰ نے معلم انسانیت بناکر مبعوث فرمایاتھا۔مولانانے کہاکہ اسلام نے لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کی بھی تاکیدکی ہے اوراس سلسلے میں کوتاہی کرنے والے والدین کووعیدیں سنائی گئی ہیں۔انھوں نے کہاکہ ہمارے بہت سے گھریلومسائل اورپریشانیاں اس لیے جنم لیتی ہیں کہ ہماری بیشتر عورتیں دینی تعلیمات سے نابلدہوتی ہیں اورانھیں معاشرتی زندگی کے سلسلے میں اسلام کے بتائے ہوئے اصول و ہدایات کاعلم نہیں ہوتا۔موجودہ وقت میں جوحکومت ہمارے پرسنل لامیں مداخلت کامنصوبہ بنارہی ہے اوربدقسمتی سے کچھ مسلم خواتین بھی حکومت کے سرمیں میں سرملاتی نظرآرہی ہیں،اس کی وجہ یہی ہے کہ انھیں اسلامی تعلیمات سے واقفیت ہی نہیں ہے،اگر انھیں معلوم ہوتاکہ اسلام نے عورتوں کوان کے حقوق کتنی فیاضی سے دیے ہیں تووہ حکومت کی مذموم سازش کاحصہ کبھی نہ بنتیں۔اس سلسلے میں والدین کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی اولادخواہ لڑکے ہوںیالڑکیاں ان کی اچھی تعلیم و تربیت کاانتظام کریں،تاکہ وہ آیندہ چل کر اپنے خاندان،قوم اور مذہب کی رسوائی کے بجائے ان کی نیک نامی کا ذریعہ ثابت ہوں۔مولانانے جامعہ عائشہ صدیقہؓکی طالبات اوران کے والدین کومبارک بادپیش کی کہ انھوں نے اپنی بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت کی فکرکی اورانھیں ایک معیاری دینی تعلیمی ادارے میں داخل کرایا۔اس موقع پرجامعہ عائشہ صدیقہؓکے مہتمم مولانایوسف،دارالعلوم زکریاجوگواڑکے مہتمم مولاناالیاس اورقرب وجوارکے ائمہ،علماء ودانشوران سیکڑوں کی تعدادمیں شریک رہے۔


Share: