ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لکشمیشور تھانہ کو نذر آتش کرنے والوں پر سخت کارروائی: پرمیشور

لکشمیشور تھانہ کو نذر آتش کرنے والوں پر سخت کارروائی: پرمیشور

Fri, 10 Feb 2017 11:37:23    S.O. News Service

بنگلورو،9؍فروری(ایس او نیوز) گدگ ضلع کے لکشمیشور میں پولیس تھانہ کو آگ لگانے کے واقعہ کی جانچ کرنے سی آئی ڈی کو ہدایت دی جاچکی ہے۔رپورٹ ملنے کے بعد اس واقعہ میں جو بھی ملوث ہیں ،ان کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی۔ یہ تیقن آج وزیرداخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل میں دیا۔ ریت کی غیر قانونی نقل وحمل میں ملوث ریت مافیا سے 40ہزار روپے کی رشوت طلب کرنے سب انسپکٹر رامانند اور ڈرائیور اے ایس پجار کی اس حرکت کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ سی آئی ڈی رپورٹ میں اگر ان دونوں پر الزام ثابت ہوگیا تو دونوں کو ملازمت سے برطرف کردیا جائے گا۔ صفر ساعت میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کی طرف سے معاملہ اٹھائے جانے پر جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ ریاستی پولیس کی طرف سے تھانہ کو ندر آتش کرنے والوں کی تلاش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بدنظمی پھیلانے والے ریت کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ریت کی ایک لاری کو اجازت دی گئی تو اس کی آڑ میں دس لاریوں کو لے جایا جاتاہے۔ ابتدائی جانچ کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس ہیرا پھیری میں نہ صرف پولیس بلکہ تحصیلدار، انجینئر ، آر ٹی او افسران وغیرہ کو بھی رشوت دی جاتی ہے۔ سی آئی ڈی رپورٹ ملنے کے بعد اس میں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


Share: