نئی دہلی، 11؍اگست(آئی این ایس انڈیا )پڑوسی ملک سے آئے پناہ گزینوں کو مدد فراہم کرنے کے وعدے کو آگے بڑھانے اور شہریت فراہم کرنے سے متعلق شہریت ترمیمی بل 2016کو تبادلہ خیال کے لئے آج پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز کو لوک سبھا نے منظوری دے دی۔صدر سمترا مہاجن کی اجازت سے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایوان میں اس سلسلے میں ایک تجویز پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی میں کل 30اراکین ہوں گے جن میں سے 20لوک سبھا سے اور 10راجیہ سبھا سے ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا سے اس میں ستیہ پال سنگھ، رمن ڈیکا، کاماکھیا پرساد، ڈاکٹر وریندر کمار، کریٹ سومیا، میناکشی لیکھی،ادھیر رنجن چودھری، سشمیتا دیو، سوگت رائے، بھترہر مہتاب، محمد سلیم اور آنند راؤ اڑسول سمیت 20رکن ہوں گے۔وزیر داخلہ نے ساتھ ہی بتایا کہ یہ کمیٹی سرمائی اجلاس سے پہلے ہفتے کے آخری دن تک اپنی رپورٹ سونپے گی۔ایوان نے صوتی ووٹ سے اس تجویز کو منظوری دے دی۔وقفے سے قبل لوک سبھا میں شہریت ایکٹ میں اور ترمیم کرنے والے اس بل کو پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی یا مشترکہ کمیٹی کو بھیجنے کے بیجو جنتا دل، کانگریس، بائیں محاذ کے اصرار پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ اگر ایوان کا خیال اس کو مشترکہ کمیٹی کو بھیجنے کا ہے، تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے،وہ اس کے لئے تیار ہیں۔اراکین نے اس پر رضامندی ظاہر کی تھی۔