نئی دہلی، 29 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) سوئٹزرلینڈ کے اسٹار ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے اتوار کو سپین کے رافیل نڈال کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کا خطاب جیت لیا ہے۔ یہ فیڈرر کا 18 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ انتہائی کانٹے کے اس خطابی مقابلے میں فیڈرر نے نڈال کو 6۔4، 3۔6، 6۔1، 3۔6، 6۔3 سے شکست دی۔ اس مقابلے کو خواب فائنل کی طرح دیکھا جا رہا تھا۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ دونوں پہلی باری کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھڑ رہے ہوں۔ خاص یہ ہے کہ حالیہ دور میں زخمی اور خراب فارم سے برسرپیکار ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھ کر کسی کو نہیں لگ رہا تھا کہ فائنل میں ان دونوں کا سامنا ہوگا۔ اسی وجہ سے نمبر 1 کی کرسی پر رہ چکے ان دونوں کی درجہ بندی میں کمی دیکھی گئی۔ نڈال اس وقت اے ٹی پی رینکنگ میں نویں نمبر پر ہیں وہیں فیڈرر 17 ویں مقام پر ہیں، لیکن واپسی کی مثال پیش کرتے ہوئے فیڈرر نے ٹائٹل جیت کر یہ ثابت کر دیا کہ ابھی ان کا وقت ختم نہیں ہوا۔