ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فرقہ پرست طاقتیں ہمیں مایوسی اور محرومی میں ڈالنا چاہتی ہیں- ہم اسے ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے: مولانا محمود مدنی کا بیان

فرقہ پرست طاقتیں ہمیں مایوسی اور محرومی میں ڈالنا چاہتی ہیں- ہم اسے ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے: مولانا محمود مدنی کا بیان

Fri, 14 Jul 2017 00:19:53    S.O. News Service

نئی دہلی:13؍ جولائی( ایس او نیوز/پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے ہریانہ کے حصار کی لاہوریہ مسجد میں نماز پڑھنے آئے عالم دین قاری محمد ہارون کے ساتھ کچھ شر پسندوں کے ذریعے مارپیٹ اور ان کو زبردستی جے شری رام اور بھارت ماتا کی جئے جیسے نعرے لگانے پر مجبور کیے جانے کے سانحے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن وامان بنائے رکھنے کے لیے ضروری اقدام کرے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں مسلم اقلیت کے اندر احساس محرومی پیدا کرنے کی سازش کے تحت ہو رہی ہیں ،لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ( انشاء اللہ ) ۔ مولانا مدنی نے لوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے اور صبر کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی ۔ انھوں نے کہا کہ ایک مومن کے لیے راہ حیات قرآن کریم اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ ہے ، جن میں صبر، ہوش مندی اور دانش مندی کی ہدایت کی گئی ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ فرقہ پرستوں کے ارادوں اور سازشوں کو سمجھ کرقانو ن کے دائرے میں رہ کر انصاف کی کوشش کرنی چاہیے ۔

مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے اکابر نے ماضی میں اس سے بھی زیادہ مایوس کن حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے، ہمیشہ کی طرح جمعیۃ علماء ہند اپنے اسلاف اور اکابر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عدل و انصاف کی لڑائی جاری رکھے گی اور مذہب اور دستور کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں قبول نہیں کیا جائے گا ۔جمعیۃ علما ء ہند نے اپنے۳۲؍ویں اجلاس عام میں امت مسلمہ کے لیے یہ لائحہ عمل پیش کیا تھا کہ ’’ہم کسی ڈریں گے اور نہ مشتعل ہو کر حد سے گزریں گے‘‘ ۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علما ء ہند تمام مسلمانوں ا ور اہل وطن کو دعوت دیتی ہے کہ مٹھی بھر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف قانون کے دائرہ میں رہ کر مؤثر تدابیر اختیار کرکے ملک میں امن و امان اور انصاف کی فضا پیداکرنے کے لیے آگے بڑھیں ۔

مولانا مدنی نے کہا کہ قاری محمد ہارون مرزا پور سہارن پور پول کے رہنے والے ہیں، وہ اپنی تجارت کے مقصد سے حصار گئے تھے ۔ آج مولانا طاہر مظاہری آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند نے ان کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی ہے او ر ان کی جانب سے ایک خط اور دیگر ضروری رپورٹ دفتر کو ارسال کیا ہے ، انھوں نے حصار تھانہ میں ایف آئی آ ربھی درج کرائی ہے ۔ موصوف وہاں تجارت کے مقصدسے گئے تھے - وہ مذکورہ مسجد کے امام نہیں ہیں، جمعیۃ علماء ہند مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ہر طرح کا تعاون کرے گی اور ایسی طاقتوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہونے پر مجبور کرے گی جو اکثریت کے زعم میں ملک کی تہذیب و روایت کو زک پہنچا رہی ہیں ۔                        


Share: