نیویارک28جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں مہاجرین کے داخلے پر چار ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کو امتیازانہ اور متعصبانہ قرار دیا ہے۔میکسیکو کے صدر کی طرف سے امریکی دورہ منسوخ کرنے کے بعد ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے اس ملک سے درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے صدارتی اختیارات کا وسیع تر استعمال کرتے ہوئے شام اور چھ دیگر مسلم اکثریتی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکا سفر پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ جو ممالک اس فیصلے کی زد میں آئیں گے ان میں عراق، شام، ایران، سوڈان، لیبیا، صومالیہ اور یمن شامل ہیں۔نئے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکا میں دہشت گردانہ حملوں کو روکا جا سکے گا۔ٹرمپ کی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے مہاجرین، پناہ کے متلاشیوں اور امریکا آنے کے خواہش مند سیاحوں کی اسکریننگ کے لیے سخت قوانین تیار کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ٹرمپ کے فیصلے کے مطابق ان مہاجرین کو امریکا میں خوش آمدید کہا جائے گا جو کہ اپنے ممالک میں مذہبی بنیادوں پر نشانہ بنائے جا رہے ہیں۔ وہ شام میں موجود مسیحی افراد کو سہارا دینے کی بھی بات کر رہے ہیں۔تاہم ٹرمپ کے اقدامات پر امریکا سمیت دنیا بھر کے لبرل حلقے تنقید کر رہے ہیں۔ بعض تنظیمیں امریکی صدر کے تازہ ترین ایگزیکیٹو آرڈر کو غیر آئینی بھی قرار دے رہی ہیں۔کونسل آف امیریکن اسلامک ریلیشنز نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرے گی، اور یہ کہ ٹرمپ کے فیصلے کا نشانہ مسلمان ہیں، جنہیں ان کے عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کی شق سے متصادم ہیں۔ تاہم ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہاجرین سے متعلق فیصلے کا اطلاق صرف مسمانوں پر نہیں ہوگا۔
امریکی امیگریشن لائرز ایسوسی ایشن سے وابستہ گریگ چین کا کہنا ہے، صدر ٹرمپ نے مسلمان ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد پر متعصبانہ پابندی کو قومی سلامتی کی آڑ میں پیش کیا ہے۔ٹرمپ کے فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے جس سے امریکا میں موجود عراقی، ایرانی، لیبیائی، صومالی، شامی اور یمنی پاسپورٹ رکھنے والے افراد میں بے چینی اور غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ ان قومیتوں کے حامل وہ افراد جن کے پاس امریکی گرین کارڈز بھی ہیں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امریکا سے باہر سفر نہ کریں۔