بنگلور،یکم جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کی امیدوار میرا کمار نے ہفتہ کو زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر کے لئے ہونے والے انتخابات میں وہ قربانی کا بکرا نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک نظریہ کے لئے مقابلہ کر رہی ہیں تاکہ وہ قربانی کا بکرا نہیں ہے۔میرا کمار نے کہا کہ کوئی بھی جو کسی نظریے کے لئے مقابلہ کر رہا ہو اور ضمیر کی آواز پر ووٹ کرنے کی اپیل کر رہا ہو، وہ قربانی کا بکرانہیں ہو سکتا،میں مقابلہ کروں گی اور مجھے یقین ہے کہ اس مقابلے میں بہت سے لوگ میرے ساتھ آئیں گے۔ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہیں صدارتی انتخابات میں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار معروف دلت لیڈر جگ جیون رام کی بیٹی ہیں۔میرا کمار کرناٹک ریاستی کانگریس کمیٹی کے دفتر میں کانگریس ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہی تھیں۔غور طلب ہے کہ 17اپوزیشن جماعتوں نے این ڈی اے کے رام ناتھ کووند کے خلاف میرا کمار کو مشترکہ امیدوار بنایا ہے،انتخابات 17جولائی کو ہونے ہیں۔
کافی عوامی نمائندوں کی حمایت نہ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں میرا کمار نے کہا کہ وہ ان اقدار اور اصولوں کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہیں جو ملک کے لوگوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جہاں کہیں جاتی ہوں، لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ میرے پاس تعداد نہیں ہے،اگر میرے پاس تعداد نہیں ہے تو آپ کیوں نہیں اعداد و شمار کی گنتی کر لیتے اور نتیجے کا اعلان کر دیتے،انتخابات کیوں کرائے جائیں؟۔