بنگلورو، 5؍جولائی(ایس او نیوز) شہر بنگلور میں بسے بے گھر افراد کو مکان فراہم کرنے کی اسکیموں پر آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے وزیر ہاؤزنگ ایم کرشنپا اور وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج سمیت اعلیٰ افسران اور ہاؤزنگ بورڈ کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جس میں طے کیا گیا کہ شہر بنگلور میں بے گھر غرباء کیلئے عنقریب رعایتی شرحوں پر ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کی جائے گی۔ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کرشنپا نے بتایاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے ان مکانات کی تعمیر کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے غریب ترین افراد کی نشاندہی کرکے انہیں مکانات کی تعمیر کرانے کیلئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے بجٹ میں اسکیم کا اعلان کیا، اس اسکیم کے رہنما خطوط کی بنیاد پر عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلور کے اطراف واکناف ان مکانات کی تعمیر کیلئے 13سو ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس زمین پر ہمہ منزلہ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے اور ان کامپلکسوں میں مکانات کی تعمیر کرکے غرباء کو دئے جائیں گے۔ جھونپڑ پٹی سے آزاد کرناٹک بنانے کیلئے حکومت کے عزم کے تئیں شہر میں بی پی ایل کارڈ رکھنے والے خاندانوں کو ترجیحی بنیاد پر یہ مکانات مہیا کرائے جائیں گے۔نچلی اور اوپر تین منزلہ پر مشتمل عمارتیں اس کیلئے کھڑی کی جائیں گی، رواں سال ہی ان مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیاہے۔ راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کی طرف سے یہ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل اور دیگر کمزور طبقات کو ہاؤزنگ کیلئے ملنے والے فنڈز کو استعمال میں لاکر ان مکانات کی تعمیر کی جائے گی۔ فی الوقت بنگلور میں 60 لاکھ خاندان آباد ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ خاندانوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے جو خط افلاس کے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں۔ان کی نشاندہی کرکے مکانات تیزی سے مہیا کرائے جائیں گے، میٹنگ میں ہاؤزنگ بورڈ چیرمین مالکیا گتے دار اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔