دبئی،15/مارچ (ْایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ششانک منوہر نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے چیئرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ نجی وجوہات کی بنا پر انہوں نے فوری طور پر یہ عہدہ چھوڑدیا ہے۔ان کے آئی سی سی سربراہ کا عہدہ چھوڑنے سے بین الاقوامی کرکٹ کا یہ اہم عہدہ خالی ہو گیا ہے۔غور طلب ہے کہ ششانک منوہر گزشتہ سال مئی میں اس عہدے کے لیے بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے، وہ کرکٹ میں سب سے اعلی ادارے کے پہلے آزاد چیئرمین منتخب ہوئے تھے، ان کی مدت کار دو سال کی تھی۔بنیادی طور پر مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ششانک منوہر انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)کے صدر بھی رہ چکے ہیں، بی سی سی آئی کے صدر کا عہد ہ چھوڑنے کے بعد ہی انہوں نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔2016کے اپریل میں آئی سی سی کے قوانین میں کی گئی تبدیلی کے بعد پیشے سے وکیل منوہر پہلے آزاد چیئرمین منتخب ہوئے تھے، چیئرمین کے عہدے کے لیے منوہر واحد امیدوار تھے اور ان کا انتخاب متفقہ طور پر ہوا تھا۔اس انتخابی عمل کے انچارج آزاد آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین عدنان زیدی نے انتخابات مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ششانک منوہر کو چیئرمین قرار دیا تھا۔آئی سی سی کا آزاد چیئرمین منتخب ہونے کے بعد 58سالہ ششانک منوہر نے کہا تھاکہ پہلا آزاد چیئرمین بننا میرے لیے فخر کی بات ہے جس کے لیے میں سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس عہدے کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے پوری محنت سے کام کروں گا۔غور طلب ہے کہ ایماندارانہ شبیہ والے ششانک منوہر 2008سے 2011کے درمیان پہلی بار بی سی سی آئی کے صدر بنے تھے، اپنی مدت کار کے دوران منوہر نے ایک موثرمنتظم کے طور پر شناخت بنائی تھی۔