ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام میں ہزاروں قیدیوں کو پھانسی دینے کی فوج داری تحقیقات کا مطالبہ

شام میں ہزاروں قیدیوں کو پھانسی دینے کی فوج داری تحقیقات کا مطالبہ

Thu, 09 Feb 2017 12:18:59    S.O. News Service

بشارالاسد نے انسانیت کے خلاف جرائم کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا:اپوزیشن
دمشق،8؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام کی حزب اختلاف نے سلامتی کونسل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بشارالاسد کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرتے ہوئے صیدانیا جیل میں ہزاروں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارے جانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کرے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے سامنے آنے والی رپورٹ کے بعد اپوزیشن نے کہا ہے کہ بشارالاسد اور اس کی وفادار فوج منظم جنگی جرائم میں ملوث ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت صیدانیا جیل میں ہزاروں قیدیوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے سے لی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شامی فوج نے دمشق کے قریب واقع صیدانیا نامی جیل میں 13ہزار افراد کو پھانسی دے کر ہلاک کیا ہے۔شامی حزب اختلاف نے صیدانیا جیل میں قیدیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تاریخ انسانی کا بدترین انسانی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے صیدانیا قید خانیمیں ہزاروں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارے جانے کی عالمی فوج داری عدالتوں میں تحقیقات کرانے اور قتل عام میں ملوث عناصر کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل فوری طور پرعالمی مبصرین کو شامی فوج کے حراستی مراکز میں بھیجنے اور قیدیوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے ساتھ تمام بے گناہ قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کرے۔


Share: