بنگلورو:21/اپریل(ایس او نیوز) ملک میں سراٹھاتی فرقہ پرستی پر روک لگانے کیلئے سیکولر سیاسی طاقتوں کو متحد ہونا چاہئے۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ آج ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں نے جس طرح سے سر اٹھایا ہے اس پر روک لگانے کیلئے سیکولر سیاسی قوتوں کو متحد ہوجانے کا یہ وقت مناسب ترین ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے قومی سطح پر اتحاد قائم کرنے کے سلسلے میں آج کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی سطح پر فرقہ پرست طاقتوں کو کچلنے کیلئے سیکولر سیاسی قوتوں کا اتحاد خوش آئند پہل ہے۔ ملک بھر کی سیکولر سیاسی قوتیں اگر ایک ہوجائیں تو فرقہ پرست طاقتوں کو روکا جاسکتا ہے۔ وزیر ہاؤزنگ ایم کرشنپا کی طرف سے اراضی بے قاعدگیوں کے متعلق عدالت کے فیصلے کے متعلق ایک سوال پر سدرامیا نے کہاکہ فیصلے کاجائزہ لینے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ کرشنپا کی طرف سے کوئی غلطی نہیں ہوئی ہے۔اسی لئے اس موضوع پر بحث فضول ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے دوران کانگریس کی حمایت کیلئے وہ جنتادل (ایس) سربراہ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آج تقریب حلف برداری میں انہیں مدعو کیاگیاتھا، لیکن وہ اس پروگرام میں نہیں آسکے، بہت جلد وہ خود دیوے گوڈا سے ملاقات کرکے شکریہ ادا کریں گے