علی گڑھ15مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سید حامد سینئیر سیکنڈری اسکول (بوائز) کی سر سید دوصد سالہ تقریبات کمیٹی کے زیرِ اہتمام سر سید احمد خان پرمنعقدہ لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے ما س کمیونیکیشن شعبہ کے پروفیسرایم شافع قدوائی نے کہا کہ کسی غیر معیاری کتاب کونذر آتش کرنے کی جگہ اس میں جو کچھ غلط اور غیر معیاری لکھا گیا ہے اس کو غلط ثابت کرنے کے لئے سرسید کی طرح ایک دیگر کتاب تصنیف کرنی چاہئے یہی اس کا علمی جواب ہے۔پروفیسر قدوائی نے کہا کہ نوجوان نسل کو سر سید کی تعلیمات کے تعلق سے بیدار کرنے کی بے حد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سر سید کے اندر علمی اور سائنسی رویئے کو حاصل کرنے کا ایک جنون تھااور انہوں نے مذہب اور عقیدے کو برابر کی اہمیت دی ہے۔اس موقع پر سید حامد سینئیر سیکنڈری اسکول (بوائز) کے پرنسپل میجر ایس ایم مصطفی (ریٹائرڈ) کے علاوہ پروگرام کے کو آرڈینیٹر مسٹر حبیب احمد، ڈاکٹر اشہد جمال، ڈاکٹر محمد ابو صالح، مسٹر رضی الحسن زیدی، مسٹر غفران احمد، ڈاکٹر تمکین حسین اور مسٹر اسارف خان موجودتھے۔نظامت کے فرائض مسٹر محمد ایوب نے انجام دئے جبکہ ڈاکٹر عارب علی خان نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔