نئی دہلی، 12/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چھتیس گڑھ کے سکما میں کل نکسلیوں کے حملے میں سی آر پی ایف کے 12/جوانوں کے شہید ہونے کے پیش نظر ہولی نہیں کھیلنے کا فیصلہ لیا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر داخلہ 12سی آر پی ایف کے جوانوں کے مارے جانے سے دکھی ہیں اور ہولی نہیں کھیلیں گے۔غورطلب ہے کہ نکسلیوں نے کل چھتیس گڑھ کے سکما میں سی آر پی ایف کی گشتی ٹیم پر گھات لگا کر جان لیوا حملہ کردیا تھا جس میں 12جوان ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعدنکسلی ان کے ہتھیار لے کر فرار ہو گئے تھے۔یہ واقعہ دارالحکومت سے 450کلومیٹر دور بھیجی پولیس تھانے کے تحت کوٹاچیروگاؤں کے قریب گھنے جنگل میں صبح سوا نو بجے اس وقت پیش آیا تھا، جب سی آر پی ایف کی 219ویں بٹالین کے112جوان سڑک کھولنے کے کام میں لگے ہوئے تھے۔وزیر داخلہ کل رائے پور گئے تھے، جہاں انہوں نے ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔انہوں نے سی آر پی ایف کے جوانوں پر کئے گئے حملے کوبزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ شہید جوانوں کے اہل خانہ کو دی جانے والی کل معاوضہ کی رقم ایک کروڑ روپے سے کم نہیں ہونی چاہیے۔