نئی دہلی، 2/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے انڈین ڈانس بار گرلز ایسوسی ایشن کی درخواست پر مہاراشٹر حکومت کو نوٹس بھیج کر جواب مانگا ہے۔عدالت عظمی اس معاملے کی سماعت دوسری درخواستوں کے ساتھ 20اپریل کو کرے گی۔انڈین ڈانس بار گرلز ایسوسی ایشن نے مہاراشٹر حکومت کے نئے ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں کہا تھا کہ یہ خواتین کے وقار، تہذیب اور آداب کے خلاف ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ پیسے اڑانے سے خواتین کو برا لگے گا یا اچھا۔سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کی وہ دلیل بھی ٹھکرا دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ معاملے کو بامبے ہائی کورٹ بھیجا جانا چاہیے۔سپریم کورٹ نے کہاتھاکہ نیا ایکٹ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہی قانونی طریقے سے لایا گیا،جب سپریم کورٹ نے کہا کہ ڈانس باروں پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس لیے اس نئے ایکٹ کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سپریم کورٹ ہی سماعت کرے گا۔