ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے پہل، پے کمیشن کی پہلی میٹنگ 27 جولائی کو 

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے پہل، پے کمیشن کی پہلی میٹنگ 27 جولائی کو 

Sat, 22 Jul 2017 21:25:27    S.O. News Service

بنگلورو:22/جولائی (ایس او نیوز) ریاستی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے تشکیل شدہ پے کمیشن کی پہلی میٹنگ 27 جولائی کو طلب کی گئی ہے، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے درکار اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ بات آج وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسر اور پے کمیشن کے چیرمین ایم آر سرینواس مورتی نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کی منظور شدہ یونینوں اور دیگر کے ساتھ بات چیت کی ہے، اور اس سلسلے میں تمام ملازمین کی رائے جاننے کیلئے ایک سوالنامہ بھی ترتیب دیاہے۔ اس کے ذریعہ ملنے والی معلومات کی بنیاد پر کمیشن کے اراکین رپورٹ کی ترتیب کے بارے میں قطعی فیصلہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 27 جولائی کو کمیشن کے اراکین سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے ساتویں پے کمیشن میں تنخواہوں کو از سر نو منظم کئے جانے کے متعلق تفصیلی بات چیت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی اعلیٰ سرکاری افسران، یونیورسٹیوں اور بلدی اداروں کے علاوہ امداد یافتہ سرکاری اداروں کے ذمہ داروں سے بھی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ تنخواہ پر نظر ثانی کے سلسلے میں مختلف سرکاری محکموں اور سرکاری امداد یافتہ اداروں کو روانہ کرنے کیلئے سات سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کیا گیاہے۔ اس میں کمیشن کی طرف سے متعین کی جانے والی تنخواہوں کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کے ساتھ موجودہ تنخواہ کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔ اس معاملے پر بحث کیلئے اراکین پارلیمان اور اراکین اسمبلی وکونسل کے ساتھ دیگر منتخب نمائندوں، سرکاری سکریٹریوں اور محکموں کے سربراہوں کو بھی مدعو کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کو کمیشن کی طرف سے آگے بڑھایا جائے گا اور کمیشن کی طرف سے طے ہونے والی سفارشات کو ان تمام کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا۔ عوام اور سرکاری ملازمین کی رائے حاصل کرنے کیلئے کمیشن ضلع ہیڈکوارٹرس میں خصوصی میٹنگوں کا اہتمام کرے گا، جس کے بعد ہی ریاست بھر کے 5.2لاکھ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔ کمیشن کے سپرد یہ ذمہ داری بھی ہے کہ 1.5 وظیفہ یاب ملازمین کے پنشن کے بارے میں بھی فیصلہ لے۔اس سے پہلے کے پے کمیشن نے حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے ایک سال کا عرصہ لیاتھا، تاہم موجودہ پے کمیشن نے اگست ستمبر کے اختتام تک اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی تیاری کرلی ہے۔


Share: