علی گڑھ11مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ساؤتھ ایشین ایسو سی ایشن آف ریجنل کو آپریشن (سارک) ممالک میں زیرِ تعلیم طلبا ء کی ایک ٹیم نے حال ہی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈینشئیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء کے ساتھ تعلیم کو اور بہتر بنانے پرگفتوشنید کی۔اس ٹیم میں یونیسکو کے مدن جیت سنگھ انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشئین اسٹڈیز میں ایم اے کے طالبِ علم شامل تھے ۔مدن جیت سنگھ انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشین اسٹڈیز میں ایسو سی ایٹ پروفیسر اور کورس کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر مسلم جان نے بتایا کہ منجیت سنگھ انسٹی ٹیوٹ کا قیام ساؤتھ ایشین فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) اور کشمیر یونیورسٹی کے درمیان میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ کے تحت کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ اسکالرشپ کے علاوہ مدن جیت سنگھ انسٹی ٹیوٹ تعلیم اورپیشہ وارانہ ماہرین کو تحقیق کے لئے فیلوشپس بھی مہیا کراتا ہے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی اے ایم یو کے فائننس آفیسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر نے کہا کہ سارک کی شروعات سات ساؤتھ ایشین ممالک کے ساتھ ہوئی تھی اور اس کے قیام کا مقصد ممبران ممالک کے درمیان سماجی اتحاد اور باہمی تعاون قائم کرکے تجارت کو بڑھاوا دینا تھا جو کہ پڑوسی ممالک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اس موقع پر آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفسیر محمد کلیم الدین احمد نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سول سروسز جیسے مقابلہ جاتی امتحانوں میں شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کی ترقی کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے طلباء کی ٹیم کو اے ایم یو کی تاریخی عمارتوں کا دورہ بھی کرایا۔ آر سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر سید ضیا الرحمان نے مہمانان کا خیرمقدم کیا ۔ آر سی اے میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ارینہ خان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔اس موقع پر آر سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف خان ، ڈاکٹر سید تحسین رضا اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب احمد بھی موجودتھے ۔