ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستِ کرناٹک میں NEETکے صرف 5امتحانی مراکز سے ریاست کے غریب طلباء پریشان

ریاستِ کرناٹک میں NEETکے صرف 5امتحانی مراکز سے ریاست کے غریب طلباء پریشان

Wed, 08 Feb 2017 00:20:33    S.O. News Service

بیدر۔7؍فروری۔(محمد امین نواز /ایس او نیوز)  ملک کے میڈیکل و ڈینٹل کورس میں داخلہ کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے اعلان اور لازمی NEETامتحان سے غریب طلبا اور والدین سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں کیونکہ اس اعلان سے ریاست کے غریب طلباء کو امتحان کیلئے سینکڑوں کلو میٹر کی دوری طے کرنی ہوگی، اوپر سے لاڈج میں رہنے کا خرچہ الگ سے ہوگا۔ اس بات کو لے کر طلباء اور محکمہ تعلیم میں غم و غصہ پایا جارہاہے ۔دراصل امتحان کا انعقاد کررہے مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ(سی بی ایس ای)نے ریاست میں صرف پانچ امتحانی مراکز کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق صرف بنگلور‘منگلور‘داونگیرے‘بیلگاوی‘ اور گُلبرگہ میں ہی امتحانات منعقد ہوں گے۔اس امتحان کا شیڈول7مئی کو ہے ۔ کرناٹکا ایکزامنیشن اتھاریٹی کے اندازے کے مطابق کم از کم 50ہزار طلباء امتحان میں شامل ہوں گے۔ایسے میں ایک امتحانی مرکز پر اوسطاََ10ہزار طلباء کا بوجھ ہوگا۔میسور ‘بیدر اور شیموگہ وغیرہ اضلاع کے طلباء کو امتحانی مراکز پہنچنے کیلئے300سے400کلو میٹر کا سفر طے کرنا ہوگا۔ بعض کیلئے امتحان کے دن ہی گھر لوٹنا ممکن نہیں ہوگا‘اور لاڈج میں پناہ لینا ہوگا۔محکمہ تعلیمات کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سے غریب طلباء کیلئے مصیبت ہوگی ‘سفر‘ خوراک اور رہائش گاہ پر انھیں پیسے خرچ کرنے ہوں گے۔کرناٹکا ایکزامنیشن اتھاریٹی کی جانب سےCETکیلئے دیہی علاقوں میں بھی امتحانی مراکز ہوتے تھے ۔طلبہ کا کہنا ہے کہ سی بی ایس ای کے طلباء کی پریشانیوں کے بارے میں سوچا جانا چاہئے۔ اس بات کو بھی دھیان میں رکھا جانا چاہئے کہ ہر سال50ہزار سے زیادہ طلباء CETکے امتحان میں شریک ہوتے تھے ۔ایسے میں سی بی ایس ای کی جانب سے محض پانچ امتحانی مراکزکا اعلان زیادہ تر طلباء کیلئے پریشانی کا سبب بنے گا۔***


Share: