بنکاک 2؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تھائی لینڈ کے ایک شخص کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں عدالت نے پینتیس برس کی قید سزا کا حکم سنایاہے۔یہ اسمگلر روہنگیا افراد کو ملائیشیا پہنچانے کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری رکھے ہوئے تھا۔تھائی لینڈ کے صوبے پک پھانانگ کی ایک عدالت نیسُونند سائنگ تھونگ کو پینتیس برس قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ سائنگ تھونگ پر الزام تھا کہ وہ برسوں سے روہنگیا مسلمانوں کو غیرقانونی طریقے سے ملائیشیا پہنچانے کا کاروبار کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ بنگلہ دیش کے اقتصادی مہاجرین کی اسمگلنگ میں بھی ملوث تھا۔ انسانوں کی غیر قانونی اسمگلنگ انتہائی جنوبی تھائی لینڈ سے کی جاتی تھی۔جنوبی تھائی لینڈ میں سُونند سائنگ تھونگ کو انسانی اسمگلنگ کا بیتاج بادشاہ قرار دیا جاتا تھا۔ وہ ایک بڑے نیٹ ورک کو خفیہ انداز میں کنٹرول کر رہا تھا۔ گزشتہ برس جب انسانی اسمگلنگ کے معاملے پر عالمی سطح پر شور اٹھا تو تھائی لینڈ کی فوجی حکومت بھی چوکناہوگئی اور اُس نے مختلف ملکوں سے موصولہ رپورٹوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کے جنوبی کونے پر فوکس کیا۔ اس نگرانی کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ کے اس بادشاہ کو گرفتار کر لیا۔انڈونیشیا پہنچنے والے روہنگیا افراد کو کھانا دیا جا رہاہے۔گزشتہ برس تھائی پولیس نے ایک چھاپا مار کر جب اُسے گرفتار کیا تو اُس کے قبضے سے ستانوے روہنگیا مسلمان بھی برآمد کیے گئے تھے۔ عدالت کے ترجمان نے واضح کیا کہ استغاثہ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے دوران جو بھی نقد رقم حاصل کی جاتی تھی وہ سائنگ تھونگ کے بینک اکاؤنٹ منتقل کی جاتی تھی۔ ان تفصیلات سے کہا جا سکتا ہے کہ سائنگ تھونگ روہنگیا ٹریفکنگ میں باقاعدہ طور پر ملوث تھا۔عدالت کی جانب سے پینتیس برس کی سزا کے علاوہ اُس پر چھ لاکھ ساٹھ ہزاربھات (تھائی کرنسی)یاانیس ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ایشین ہیومن رائٹس کمیشن کے نمائندے بھی اِس مقدمے کی شنوائی کے وقت عدالت میں موجود تھے۔ کمیشن کے مطابق پولیس نے سائنگ تھونگ گینگ کی پانچ ایسی گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لی تھیں اور ان میں روہنگیا افراد کو ڈور ڈنگروں کی طرح ٹھونسا کر رکھا گیا تھا۔ ان میں چالیس کم سن بچے بھی تھے۔اندازوں کے مطابق ایک ملین کے قریب روہنگیا نسل کے لوگ میانمار کی راکھین ریاست میں انتہائی عسرت کی زندگی بسر کرنے پرمجبورہیں۔ ان کو ایک طرح سے نسلی تعصب کا سامنا ہے۔ یہ کرہ ارض پر انتہائی محروم کمیوٹی تصور کی جاتی ہے۔