بنگلور:6/جنوری(ایس او نیوز)سال رواں کے اختتام تک ریاست میں 12ہزار پولیس جوانوں کی بھرتی کی جائے گی، اس سلسلے میں احکامات صادر کئے جاچکے ہیں۔ اگلے تین سالوں کے دوران ریاستی پولیس فورس میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں رہے گی۔ یہ بات آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ تھنی سندرا پولیس ٹریننگ اسکول پریڈ میدان میں ویمنس سیول کانسٹبلوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رواں سال پولیس فورس میں شامل گیارہ ہزار جوانوں اور افسران کو بیک وقت ترقی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہئ پولیس میں معمولی کانسٹبل کے عہدہ پر مقرر ہونے والے کو بروقت اگر ترقی دی جاتی رہے تو وہ ریٹائر منٹ کے وقت تک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدہ تک پہنچ سکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے پولیس والوں کو ہر دس سال میں ایک ترقی کا ضابطہ لاگو کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9 ماہ کی تربیت مکمل کرنے کے بعد 351 ویمنس کانسٹبل اب فورس میں شامل ہورہی ہیں۔ شہر میں پچھلے دنوں ہوئے ناخوشگوار واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خاطیوں کو سخت سے سخت سزا یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اوم پرکاش نے فورس میں شامل ہونے والی خواتین کو محکمہ کا حلف دلوایا۔ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محکمہئ پولیس کونئی جہت:بعد ازاں شہر کے کے جی ہلی علاقہ میں پولیس والوں کیلئے کوارٹرس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر داخلہ نے کہاکہ نئے پولیس تھانوں کو جدید ترین سہولیات سے لیس کرکے تیار کرنے کے بعد اس کیلئے درکار عملہ، گاڑیاں اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر مہیا کرانے کیلئے محکمہ کی طرف سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہئ پولیس کو مستحکم کرنے کیلئے کانگریس حکومت نے کافی اقدامات کئے ہیں۔ ریاست میں تمام مذاہب کے لوگ امن وامان سے زندگی بسر کریں اس کیلئے محکمہ اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کررہا ہے۔و زیر اعلیٰ سدرامیا سے گذارش کی جائے گی کہ محکمہئ داخلہ کورواں سال زیادہ گرانٹس مہیا کرائے جائیں۔اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج، پولیس کمشنر پروین سود، کے جی ہلی کے کارپوریٹر نوشیر احمدوغیرہ موجود تھے۔