وجئے پورہ، 5؍جولائی(ایس او نیوز)پولیس نے رقم کے مسئلہ پر ایک خاتون اوراس کے آشنا کو برہنہ کرنے کے بعد ان پر مبینہ حملہ کے واقعہ میں 6افراد کو گرفتار کر لیا۔یہ واقعہ وجئے پورہ ضلع کے اندی تعلقہ کے ہیرے ماسالی گاوں میں دو جولائی کو پیش آیا۔ ایس پی کلدیب کمار جین نے کہا ہے کہ تعزیرات ہند اور آئی ٹی کی مختلف دفعات کے تحت 9 افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔مسٹرجین نے کہا کہ اگرچہ کہ یہ واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا ،تاہم اس واقعہ کی ویڈیو کلیپنگ کے سامنے آنے کے بعد ہی یہ واقعہ منظرعام پرآیا۔بعض دیہاتیوں کی جانب سے لی گئی ویڈیو کلیپنگ عام ہوگئی ،جس نے پولیس افسروں کی توجہ اس جانب کروائی۔متاثرہ خاتون(32) سالہ ساوتری دونڈیا گنڈیل کو علاج کیلئے وجئے پورہ کے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت معمول کے مطابق ہے ۔ضلع انچارج وزیرایم بی پاٹل نے اسپتال پہنچ کر اس خاتون کی عیادت کی۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کی اور اس کی جانچ کا حکم دیا۔مسٹر جین نے کہاکہ سی آئی نند اریڈی کو اس واقعہ کی جانچ کا افسر مقرر کیا گیا ہے اور اے ایس آئی شیوانندکومعطل کردیا گیا ہے ۔اس واقعہ میں لاپرواہی پر ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی ۔بعض دیہاتیوں نے اس واقعہ کی فلمبندی کی جو تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔یہ ویڈیو واٹس اپ اور دیگر سوشیل میڈیا پرعام ہوگیا،جس کے بعد مقامی پولیس چوکس ہوگئی اور جنسی ہراسانی،مخرب اخلاق حرکتوں اور مجرمانہ سازش کے تحت ایک معاملہ درج کرلیا۔