پنجی، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )لوئیس برجر رشوت گھوٹالہ سے متعلق چارج شیٹ میں گوا کرائم برانچ کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ دگامبر کامت کو نامزد کئے جانے کے ایک دن بعد آج کانگریس کے اس سینئر لیڈر نے اس معاملے میں کسی بھی طرح اپنے ملوث ہونے سے انکار کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ انہیں سیاسی سازش کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کامت نے کہاکہ میں پہلے دن سے یہ کہتا آ رہا ہوں کہ لوئیس برجر رشوت گھوٹالہ کے اس معاملے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ میرے خلاف سیاسی سازش ہے۔واضح رہے کہ کرائم برانچ نے کل خصوصی عدالت کے سامنے دائر 1000صفحات کی چارج شیٹ میں کامت کا نام اہم سازشی کے طور پر شامل کیاہے۔امریکہ کی یہ کمپنی گوا اور گوہاٹی میں پانی کی حفاظت اور آلودہ پانی کی نکاسی کی پائپ لائن لگانے والے منصوبے کے لیے مشیر تھی۔اس منصوبے کو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کی جانب سے مالی اعانت حاصل تھی ۔یہ گھوٹالہ مبینہ طورپرسال 2010میں ہواتھا ، اس وقت کامت گوا کے وزیراعلیٰ تھے۔