ممبئی:15/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیٹ فلیکس اوریجنل پر دستیاب سیریز سیکریڈ گیمز پر کانگریس صدر راہل گاندھی کے موقف کے ڈائریکٹر انوراگ کشیپ اور اداکارہ سورا بھاسکر نے تعریف کی ہے۔ویب سیریز میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر مبینہ طور پر کچھ قابل اعتراض تبصرہ پر راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا خیال ہے کہ اظہار رائے کی آزادی پر نگرانی اور کنٹرول ہونا چاہئے، جبکہ یہ آزادی ہمارا بنیادی جمہوری حق ہے۔راہل نے کہا کہ میرے والد ملک کے لئے جئے اور ملک کے لیے ہی قربانی دی، کسی ویب سیریز کے کسی کردار کے نقطہ نظر سے یہ سچ نہیں بدلنے والا ہے ۔کشیپ نے راہل کی ٹویٹس کا ذکر کیا اور لکھا کہ ’’یہ ہوئی نہ بات‘‘۔ وہیں سورا بھاسکر نے کہا کہ یہ بتاتا ہے کہ راہل کس طرح قومی مفاد اور ذاتی مفاد کو الگ رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سورا نے ٹویٹ کرکے کہا کہ وہ راہل گاندھی جیسے مرکزی دھارے کے سیاستدان کی طرف سے اظہار کی آزادی اور سنسر شپ پر شفاف اور ترقی پسند خیالات سے بے حد متاثر ہیں۔راہل گاندھی کا بیان ویب سریز سے ان مناظر کو ہٹانے سے متعلق دہلی ہائی کورٹ میں داخل عرضی کے بعد آیا تھا۔ وہیں کولکاتہ میں ایک کانگریس کارکن نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔