نئی دہلی، 29 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ٹرینر راجیش ساونت کے انتقال پر ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کو راجیش ساونت کے انتقال سے گہرا صدمہ لگا۔ بی سی سی آئی کے سی ای او راہل جوہری سے کہاکہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے249 ہم سب حیران ہیں249 آج جب لڑکے پریکٹس کے لیے نکلے تو اسٹیڈیم پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ راجیش ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں249 اس کے بعد پتہ چلا کہ ان کا ہوٹل کے اپنے کمرے میں انتقال ہو گیا تھا۔40 سالہ ساونت پہلے افغانستان کوچنگ عملے کا حصہ تھے۔ انہوں نے اس ماہ کے شروع میں انگلینڈ الیون کے خلاف کھیلنے والی انڈیا کی اے ٹیم کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔ ساونت کو ہوٹل کے ان کے کمرے میں بے ہوش پایا گیا تھا جس کے فورا بعد انہیں ممبئی اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں بھرتی کرنے سے پہلے ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ ایسا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوا۔ پولیس ڈپٹی کمشنر منوج کمار شرما نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ان کی موت کی اصل وجہ پتہ چل پائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کو کل سے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کے ساتھ 50 اوورز کے پانچ میچ اور دو چار روزہ میچ کھیلنے ہیں۔