ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خواتین پر ظلم کرنے والوں پر غنڈہ ایکٹ لاگو ہوگا:پرمیشور

خواتین پر ظلم کرنے والوں پر غنڈہ ایکٹ لاگو ہوگا:پرمیشور

Wed, 08 Feb 2017 10:42:45    S.O. News Service

بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) خواتین اور بچوں پر ظلم کرنے والے اور ان پر جنسی ہراسانیوں کے مجرموں کے خلاف انسداد غنڈہ ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے جائیں گے۔ یہ اعلان آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کیا۔ ریاستی اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران جنتادل (ایس) رکن کے گوپالیہ اور بی جے پی کی ششی کلا جولے کے مشترکہ سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ خواتین پر مظالم روکنے کیلئے محکمۂ پولیس کی طرف سے بہت سارے اقدامات کئے گئے ہیں۔ خواتین کیلئے کے ایس آر پی میں ایک مخصوص بٹالین بھی تشکیل دی گئی ہے، جو خاص طور پر خواتین پر مظالم کے معاملات سے نمٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحفظ خواتین واطفال کیلئے ہر ڈویژن کیلئے ابھیا نام کی ایک گشتی گاڑی متعین کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ پولیس میں 20ہزار پولیس کانسٹبلوں اور ایک ہزار پولیس سب انسپکٹروں کی بھرتی کی گئی ہے۔ بنگلور میں160 پولیس سب انسپکٹرس کام کررہے ہیں۔ پولیس فورس کی کمی نہ ہونے پائے اس کیلئے شہر بنگلور میں دو ہزار پولیس کانسٹبلوں کی بھرتی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو ماہ میں شہر بنگلور کی ہر سرگرمی پر نظر رکھنے کیلئے 500 سی سی ٹی وی کیمرے افزود نصب کئے جارہے ہیں۔ خواتین پر جنسی ہراسانیوں ،زیورات چھینے کی وارداتوں وغیرہ پر روک لگانے کیلئے حکومت پچھلے تین چار سال سے سخت قدم اٹھارہی ہے اور ان جرائم میں بہت کمی بھی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016 کے دوران خواتین پر حملوں کے 303 واقعات پیش آئے، جبکہ ان کو ہراساں کرنے کے سلسلے میں 1423مقدمات درج کئے گئے ہیں۔جنسی ہراسانی کے 923 مقدمے درج کئے گئے ہیں، جبکہ زیورات چھیننے کی 255 وارداتیں پیش آئی ہیں۔ خواتین پر حملوں کے معاملہ میں 280 کیسوں کے ملزمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 747 جنسی ہراسانیوں کے معاملات میں ملزمین کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ زیورات چھیننے کی 150 وارداتوں میں ملزمین کو گرفتار کرکے انہیں نمٹایا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹمکور رورل پولیس تھانہ کے سب انسپکٹر امیش کی طرف سے ایک ذہنی معذور لڑکی کے ساتھ منہ کالا کئے جانے کا معاملہ حکومت کے علم میں آیا ہے۔ حکومت نے امیش کو پولیس کی ملازمت سے برخاست کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 14؍ فروری تک امیش اور اس کے ڈرائیور ایشوا کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے، ان دونوں کے خلاف محکمہ کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔


Share: