بنگلور:30/دسمبر(ایس او نیوز)ریاست میں سنگین خشک سالی کی صورتحال کے سبب بدحال عوام اور خاص طور پر دیہی علاقوں کے بے روزگار مزدوروں کو روزگار اسکیم کے تحت امداد فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت زیادہ گرانٹ فراہم کرے۔اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے ریاستی انتظامیہ نے اپیل کی ہے۔ یہ بات ِآج ریاست کے ڈیولپمنٹ کمشنر اور اڈیشنل چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نریگا اسکیم کے تحت کرناٹک کو چھ کروڑ یومیہ مزدوری کے حساب سے رقم مہیا کرانے کا مرکز نے وعدہ کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے گذارش کی گئی ہے کہ اس میں دس کروڑ تک کا اضافہ کیا جائے۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی اس ضمن میں ایک مکتوب ریاستی حکومت کو موصول ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چھ کروڑ یومیہ مزدوری کے 90 فیصد حصہ کو اب تک ریاست میں عبور کیاجاچکا ہے۔ نریگا اسکیم کے تحت 2600کروڑ روپیوں کا گرانٹ ریاستی حکومت کو ملنا ہے۔ مرکز کی طرف سے جو رقم ملی ہے وہ محض 862کروڑ روپیوں کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مانسون ناکام ہوجانے کے سبب ریاست میں 17193کروڑ روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔36.35 لاکھ ہیکٹر زمین پر کھر ی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے 4702کروڑ روپیوں کی امداد فوری مہیا کرانے کیلئے گذارش کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی گذارش پر ایک مرکزی ٹیم نے بھی ریاست کا دورہ کیا اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد مرکز کو رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں کل صبح ایک وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کررہا ہے۔ یہ وفد وزیر اعظم سے گذارش کرے گا کہ ریاست کو خشک سالی سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر رقم دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ امسال مانسون کے مکمل ناکام ہوجانے کے سبب بارش کی 80 فیصد قلت محسوس کی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے اگر امداد فراہم کردی جاتی ہے تو کاشتکاروں کو فصل کی تباہی کا معاواضہ بلا تاخیر ادا کیا جاسکے گا۔