ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خسرہ ، روبیلا ٹیکہ اندوزی مہم کی شروعات،عدم تعاون کرنے والی اسکولوں پر سخت کارروائی: تنویر سیٹھ

خسرہ ، روبیلا ٹیکہ اندوزی مہم کی شروعات،عدم تعاون کرنے والی اسکولوں پر سخت کارروائی: تنویر سیٹھ

Wed, 08 Feb 2017 11:13:51    S.O. News Service

بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) خسرہ اور روبیلا سے نمٹنے کیلئے جاری ٹیکہ اندوزی میں تعاون نہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کو ریاستی حکومت کی طرف سے نوٹس جاری کیاجاچکا ہے۔ اس مہم کا حصہ نہ بننے والی نیشنل پبلک اسکول کو نوٹس روانہ کی جاچکی ہے۔ جو بھی اسکول اس مہم میں حصہ لینے سے انکار کریں گے یا تعاون نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ضرور کی جائے گی۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے بتائی۔ شہر کے سیوادل اسکول میں ٹیکہ اندوزی مہم کا رسمی طور پر افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ ملک کی پانچ ریاستوں میں تجرباتی طور پر خسرہ اور روبیلا پر مکمل قابو پانے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی 36 فیصد آبادی کو خسرہ اور روبیلا کا شکار مانا جاتا ہے، اس پر روک لگانے کیلئے ٹیکہ اندوزی مہم شروع کی گئی ہے، ہر دن صبح 8 سے دوپہر 2؍ بجے تک ٹیکہ اندوزی مہم چلتی رہے گی۔عوام اس سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم میں عدم تعاون کرنے والے کورمنگلااور کے جی ہلی کے ایک ایک اسکول کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ مہم کا یہ سلسلہ 28 فروری تک جاری رہے گا، اس میں سرکاری ، ایڈڈ ، اور نجی اسکولوں کو مکمل طور پر حصہ لینا ہوگا۔ وہاں پر ٹیکہ اندوزی کیلئے انتظامات کرنے ہوں گے۔ان ٹیکوں کے متعلق عوام میں پیدا ہونے والے شکوک وشبہات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے تنویر سیٹھ نے کہاکہ جن بچوں میں بیماری کا مقابلہ کرنے کی طاقت بہت کم ہو ان کیلئے یہ خوراک کافی معاون ثابت ہوگی۔ ٹیکہ لگوانے کے بعد بخار یا صحت میں معمولی تبدیلی ممکن ہے۔ لیکن اس کیلئے تربیت یافتہ عملہ ٹیکہ لگانے کے بعد والدین کی رہنمائی بھی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ٹیکہ کی وجہ سے بینائی کو روبیلا کے اثر سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ تنویر سیٹھ نے اس خوراک کے متعلق پھیلائی جانے والی ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا کہ اس خوراک کی وجہ سے بچوں کو عارضۂ قلب یا اسقاط حمل جیسے مسائل کا شکار ہونا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں لاکھوں کی تعداد میں بچوں کو یہ خوراک دی جارہی ہے۔ اس موقع پر سیوا دل کے ریاستی سکریٹری دیوی پرساد ، چیرمین گرو سدپا اور دیگر موجود تھے۔


Share: