صنعاء،28اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یمنی دارالحکومت صنعاء میں حوثی ملیشیا نے شہر کی سڑکوں اور مرکزی داخلی راستوں پر اپنے زیر انتطام مختلف سکیورٹی چیک پوائنٹس پر ایک گشتی مراسلہ بھیجا ہے جس میں جنرل پیپلز کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ ، پارٹی قیادت اور معزول صدر صالح کی قریبی شخصیات کو دارالحکومت سے باہر جانے سے منع کر دیا گیا ہے۔یہ ہدایت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب کہ صنعاء کے کئی علاقوں میں اور شاہراہوں پر، دارالحکومت کی جنوبی سمت اور معزول صدر صالح کی رہائش گاہ کے قریب حوثیوں کے مزید عسکری گشتی دستوں کو پھیلا دیا گیا ہے اور وہاں سکیورٹی چیک پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق مسلح حوثی عناصر اتوار کی صبح سے حدہ کے علاقے میں واقع پیپلز کانگریس کے صدر دفتر کے سامنے اور الجزائر اسٹریٹ پر اس دفتر کے زیر انتظام دیگر عمارتوں میں تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ تیونس اسٹریٹ پر پیپلز کانگریس کی عمارت کے باہر بھی مسلح گاڑیاں اور درجنوں حوثی جنگجو موجود ہیں۔یمن میں باغی ملیشیا نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران صنعاء میں جنرل پیپلز کانگریس پارٹی کے درجنوں کارکنان اور معزول صالح کے حامیوں کو گرفتار کر لیا۔طبی ذرائع کے مطابق مسلح حوثیوں نے گزشتہ رات کی جھڑپوں کے بعد 70اسکوائر کے نزدیک دو ہسپتالوں پر دھاوا بول دیا اور معزول صالح کی ہمنوا ریپبلکن گارڈز فورس کے متعدد زخمیوں کو گرفتار کر لیا۔