بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) سابق وزیراعظم اور جنتادل(ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کو جنتادل (ایس) میں شامل ہونے کی دعوت ہرگز نہیں دی جائے گی، آج ہبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرشنا ایک سینئر سیاستدان ہیں، اپنے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کرسکتے ہیں، جنتادل (ایس) کو اس کے بارے میں سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔آنے والے دنوں میں دو اسمبلی حلقوں ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ کے ضمنی انتخابات کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پارٹی دونوں حلقوں سے اپنے امیدوار ضرور کھڑا کرے گی، لیکن یہ قیاس آرائی غلط ہے کہ ان انتخابات میں وہ اپنی بہو بھوانی ریونا اور پوتے پجول ریونا کو میدان میں اتاریں گے۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) تمام 224 سیٹوں پر تنہا مقابلہ کرے گی، کسی کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ اپر کرشنا پراجکٹ کے متعلق سابق وزیراعظم نے کہاکہ مرکزی حکومت نے 1964 میں ریاستی اسمبلی کی طرف سے منظور کی گئی قرار داد کو اب تک منظوری نہیں دی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ پراجکٹ بار بار رکاوٹوں کا شکار ہورہاہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ کاویری مہادائی اور ریاست کو درپیش دیگر سلگتے مسائل کو سلجھانے کے معاملے میں ملک کی دو بڑی قومی سیاسی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس نے ہمیشہ کرناٹک کے تئیں سوتیلا رویہ اپنایا ہے۔ان پارٹیوں نے مسلسل ریاستی عوام سے ناانصافی کی ہے۔ آنے والے دنوں میں جنتادل (ایس) اس حقیقت کو عوام کے سامنے لائے گی۔