سری نگر،4 /مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کے 134نوجوانوں کو گزشتہ ایک سال میں مشکل ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد آج یہاں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فوج میں شامل کرلیا گیا ہے۔ایک دفاعی ترجمان نے کہاکہ جموں اینڈ کشمیر لائٹ انفینٹری (جے اے کے ایل آئی)ریجمنٹ سینٹر نے ریاست جموں و کشمیر سے اپنے 134پاسنگ آؤٹ رنگ روٹوں کے اپنے نئے جتھے کی نمائش کی، جنہوں نے ایک سال کی مشکل ٹریننگ مکمل کی ہے۔یہاں رنگ ریتھ میں واقع جے اے کے ایل آئی ریجمنٹ سینٹر کے بانا سنگھ پریڈ میدان پر خوبصورت پاسنگ آؤٹ پریڈ نکالی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ چیف آف اسٹاف(ہیڈکوارٹر وسطی ہندوستان علاقے)میجر جنرل ڈی وی ایس رانا نے پریڈ کا معائنہ کیا۔نوجوان فوجیوں کے والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ بڑی تعداد میں انتظامی اور فوجی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔میجر جنرل رانا نے جوانوں کو شاندار پریڈ کے لیے مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے مزید نوجوانوں کو آگے آکر سیکورٹی فورسز میں شامل ہونا چاہیے۔