بنگلورو،8؍فروری(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کانگریس قیادت کے خلاف آئے دن کھلے عام بیان بازی کرنے والے پارٹی کے سینئر لیڈران سی کے جعفر شریف، جناردھن پجاری اور ایچ وشواناتھ کے خلاف آج کانگریس لیجسلیچر پارٹی میں متعدد اراکین نے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کانگریس اعلیٰ کمان سے سفارش کی جائے کہ ان تینوں لیڈروں کو پارٹی سے برطرف کردیا جائے ۔ ودھان سودھا کے کانفرنس ہال میں آج منعقدہ سی ایل پی اجلاس میں بیشتر اراکین اسمبلی نے ان تینوں رہنماؤں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے کہاکہ اگر وہ ان تینوں کے خلاف اعلیٰ کمان سے سفارش نہیں کرپارہے ہیں تو بتادیں ، تمام اراکین اسمبلی مل کر اعلیٰ کمان سے یہ سفارش کریں گے کہ جعفر شریف، جناردھن پجاری اور ایچ وشواناتھ کو پارٹی سے برطرف کردیا جائے ۔ رکن اسمبلی نریندرا نے سب سے پہلے میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھایا اور کہاکہ پارٹی کے لیڈر ایچ وشواناتھ ، پارٹی صدر سونیاگاندھی ، راہول گاندھی اور وزیراعلیٰ سدرامیا کی شخصیت کے متعلق من مانی بیان بازی کررہے ہیں۔ ایسے لیڈروں سے کانگریس کو فائدہ نہیں ،بلکہ ہمیشہ سے ہی نقصان ہو رہاہے۔ ان خیالات سے دیگر اراکین اسمبلی نے بھی اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ جعفر شریف اور جناردھن پجاری نے بھی ریاستی حکومت پر غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اسی لئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کو چاہئے کہ ان تینوں رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرنے کی اعلیٰ کمان سے سفارش کریں ،تاکہ ریاست میں پارٹی کا وقار ان لوگوں کی وجہ سے مجروح نہ ہونے پائے۔ نامزد رکن اسمبلی ایوان ڈیسوزا ، منگلور نارتھ کے رکن اسمبلی محی الدین باوا ، وڈنال راجنا ، پرمیشور نائک اور دیگر اراکین اسمبلی نے ان تینوں قائدین پر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ اراکین اسمبلی کے دباؤ کے آگے سرجھکاتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے اس موقع پر موجود کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور سے گذارش کی کہ ان شکایات کا وہ جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر پرمیشور ان تینوں سینئر لیڈروں کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی پاداش میں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کریں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کے تمام خیالات کو سننے کے بعد اراکین اسمبلی نے ان سے مخاطب ہوکر کہاکہ پہلے ان تینوں کو پارٹی سے بے دخل کیا جائے ۔ اس سلسلے میں ان سے کسی طرح کی وضاحت طلب کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگر سدرامیا یہ کارروائی ہوسکے تو خود کریںیا پھر اعلیٰ کمان سے اس کی گذارش کی جائے گی۔ سی ایل پی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے بتایاکہ پارٹی کے ضابطہ کی پامالی کرنے والے کسی بھی لیڈرکو بخشا نہیں جائے گا۔ سی ایل پی اجلاس میں بیشتر اراکین نے برگشتہ قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور سے تبادلۂ خیال کے بعد مناسب قدم اٹھایا جائے گا۔