نئی دہلی،18؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یوپی کے سہارنپور میں دلت مخالف تشدد کولے کراپنی بات جلد ختم کرنے کے لیے کہے جانے سے ناراض بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیاہے۔انہوں نے اپنا استعفیٰ راجیہ سبھاکے چیئرمین حامدانصاری کے حوالے کر دیاہے۔مایاوتی نے کہاکہ میں نے مظلوم، مزدوروں، کسانوں اورخاص طورپردلتوں کے ظلم وستم کی بات ایوان میں رکھناچاہتی تھی۔سہارنپورکے شببیرپورا گاؤں میں جو دلت ظلم کے شکارہوئے ہیں، میں ان کی بات اٹھانا چاہتی تھی لیکن اصحاب اقتدار کے تمام لوگ ایک ساتھ کھڑے ہو گئے اور مجھے بولنے کاموقع نہیں دیا گیا۔بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ میں دلت سماج سے آتی ہوں اور جب میں اپنے معاشرے کی بات نہیں رکھ سکتی ہوں، تو میرے یہاں ہونے کاکیافائدہ ہے۔راجیہ سبھاسیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ مایاوتی کا استعفی قبول کرنے کا فیصلہ چیئرمین کریں گے۔اصول کے مطابق استعفیٰ مختصر ہونا چاہئے اور اس میں وجوہات کا ذکر نہیں کیا جانا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے مایاوتی کو اپنی بات تین منٹ میں ختم کرنے کوکہاتھا۔اس پر مایاوتی ناراض ہو گئیں اور کہا کہ وہ ایک سنگین مسئلہ اٹھا رہی ہیں، جس کے لیے انہیں مزید وقت چاہئے۔مایاوتی نے کہا کہ سہارنپور واقعہ مرکز کی سازش تھی۔اس کے بعد راجیہ سبھا میں ہنگامہ ہونے لگا اور مایاوتی نے ڈپٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ مجھے بولنے نہیں دیں گا تو میں ایوان سے استعفیٰ دے دیتی ہوں۔کورین کے روکنے پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جس معاشرے سے تعلق رکھتی ہیں، اس معاشرے سے منسلک مسائل اٹھانے سے انہیں کیسے روکاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر میں دلتوں کے خلاف ہو رہی زیادتیوں کو لے کر اپنی بات ہی ایوان میں نہیں رکھ سکتی تو مجھے اس ایوان میں بنے رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔مایاوتی نے کہا کہ دلتوں اور چھوٹے طبقوں کے لوگوں پرمسلسل ظلم ہو رہاہے۔سہارنپور میں دلتوں کی بڑے پیمانے پرظلم وستم ہوا۔گجرات کے ؤنا میں دلتوں پر ظلم ہوا۔مجھے شببیرپور میں ہیلی کاپٹر سے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ مجھے سڑک کے راستے جاناپڑا۔جب میں گاؤں پہنچی تو ڈی ایم اور ایس پی غائب تھے۔میں نے وہاں کوئی ایسی بات نہیں کہی جس سے فرقوں کے درمیان جنگ ہو جائے۔یوپی میں اب بھی مہاجنگل راج اور مہاغنڈ ہ راج ہے۔ہمیں متاثرین کی مددکے لیے بھی انتظامیہ سے اجازت لینی پڑی۔