نئی دہلی،29اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی کے ایک راجیہ سبھا رکن کے پرسنل اسسٹنٹ کو دہلی پولیس نے جاسوسی کیس کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے۔اس معاملے میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ملک سے نکالا جا چکا ہے اور تین دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے،کرائم برانچ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ایس پی کے راجیہ سبھا رکن منور سلیم کے پی اے فرحت کو گزشتہ رات حراست میں لیا گیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔دہلی پولیس اس معاملے سے منسلک ان دیگر لوگوں کو بھی پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے جن کے بارے میں اس کا شک ہے کہ وہ لوگ پاکستان ہائی کمیشن کے اہلکار محمود اختر کے قریبی رابطے میں تھے۔اختر کو 26اکتوبر کو خفیہ دستاویزات لیتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔اختر کے ساتھ دو دوسرے شخص مولانا رمضان اور سبھاش جاگیڑ بھی تھے جو راجستھان کے ناگور کے رہنے والے ہیں۔ایک اور ملزم صہیب کو جودھپور میں حراست میں لیا گیا۔پولیس اسے دہلی لے کر آئی جہاں اسے گرفتارکیاگیا۔